موٹر وے پولیس سکھر سیکٹر میں جشن آزادی کے سلسلے میں مختلف تقریبات کاشاندار انعقاد

جمعرات 16 اگست 2018 01:00

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) موٹر وے پولیس سکھر سیکٹر میں جشن آزادی کے سلسلے میں مختلف تقریبات کاشاندار انعقاد، ڈی آئی جی موٹر وے سندھ محمد سلیم نے جشن آزادی کا کیک کاٹ کر تقریبات کا آغاز کیا۔ ایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیو کی اوباڑو میں جشن آزادی کی تقریب میں شرکت، ڈی آئی جی موٹر وے سندھ کی جانب سے نیشنل ہائی وے پر مسافروں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یوم آزادی کو ملک کے دیگر شہروں کی طرح موٹر وے سکھر سیکٹر میں بھی انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس حوالے سے موٹر وے سکھر سیکٹر می یوم آزادی کی مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا، ڈی آئی جی موٹر وے سندھ محمد سلیم نے ایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیو کے ساتھ کرم آباد میں آزادی کا کیک کاٹ کر تقریبات کا آغاز کیا، جبکہ مسافروں میں تحائف بھی تقسیم کیے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ موٹر وے پولیس کی جانب سے آزادی کے حوالے سے دیگر علاقوں میں بھی تقریبات منعقد کی گئیں۔یوم آزادی کے موقع پر ڈی آئی جی اور ایس ایس پی موٹر وے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ71 ویں یوم آزادی کو موٹر وے پولیس نے بھی انتہائی جوش و خروش سے منایا ہے، کیونکہ پاکستان کئی قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے اور اس کی آزادی میں ہمارے بڑوں نے اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کو پاکستان کی تاریخ بتانا انتہائی ضروری ہے کہ پاکستان کو قائم کرنے میں قائد اعظم محمد علی جناح اور ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے والے لوگوں نے کس قدر محنت اور قربانیوں سے اسے حاصل کیا اور زندہ قومیں اپنے ملک کی آزادی کو بھرپور جوش وجذبے کے ساتھ مناتی ہیں۔اس کے علاوہ ایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیو نے اوباڑو ٹول پلازہ کے نزدیک یوم آزادی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں قومی پرچم لہرایا اور کیک کاٹا جبکہ نیشنل ہائی وے پر سفر کرنے والے مسافروں و ڈرائیوروں میں قومی پرچم اور انعامات تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکل سواروں میں ہیلمپٹ بھی تقسیم کیے۔

اس موقع پرایم پی اے شہریارخان شر، ایس ٹی پی کے رہنما جام عبدالفتاح سمیجو، کرنل شہباز رینجرز جنید شاہ کے علاوہ سول سوسائیٹی اور عام شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔