Live Updates

سندھ اور خیبرپختون خوا ہ کے وزرائے اعلیٰ اور بلوچستان کے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج ہوگا

نگران وزیراعلی کے پی کے جسٹس( ر) دوست محمد خان وزیر اعلیٰ ہاﺅس پشاور خالی کرکے اسلام آباد منتقل ہوگئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 16 اگست 2018 09:31

سندھ اور خیبرپختون خوا ہ کے وزرائے اعلیٰ اور بلوچستان کے اسپیکر و ڈپٹی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 اگست۔2018ء) سندھ اور خیبرپختون خوا ہ کے وزرائے اعلیٰ اور بلوچستان کے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج ہوگا. سندھ پر آئندہ 5سال کون راج کرے گا؟ وزیر اعلیٰ سندھ کا انتخاب آج ہو گا،پیپلز پارٹی کے امیدوار مراد علی شاہ اور اپوزیشن اتحا د کے شہر یار مہر میں مقابلہ ہو گا. خیبر پختون خواہ کے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب آج ہوگا، پاکستان تحریک انصاف کے محمودخان اور متحدہ اپوزیشن کے میاں نثار گل کے درمیان مقابلہ ہوگا.

خیبرپختونخواہ اسمبلی کااجلاس صبح 11بجےطلب کیا گیا ہے،جس کی صدارت نومنتخب اسپیکر مشتاق احمد غنی کریں گے. نئے وزیراعلیٰ کے منصب کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے سوات سے منتخب رکن اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر محمود خان نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں. متحدہ اپوزیشن کی جانب سے اس عہدے کے لیے کرک سے منتخب جے یو آئی کے رکن اسمبلی میاں نثار گل نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں.دوسری جانب بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج ہوگا.

بلوچستان عوامی پارٹی اور اتحادیوں نے اسپیکر کے لیے قدوس بزنجو اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے تحریک انصاف کے سردار بابر موسیٰ خیل کو امیدوار نامزد کیا ہے، اپوزیشن کی جانب سے اب تک نام سامنے نہیں آئے ہیں. بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی آج دوپہر 12بجے تک جمع اور ڈھائی بجے تک واپس لیے جا سکتے ہیں.

پولنگ کے لیے بلوچستان اسمبلی کی کارروائی اسپیکر راحیلہ حمید درانی کی صدارت میں سہ پہر 3بجے شروع ہو گی. دوسری جانب خیبر پختونخواہ کے نگراں وزیر اعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان وزیر اعلیٰ ہاﺅس پشاور خالی کرکے اسلام آباد منتقل ہوگئے. وزیر اعلیٰ ہاﺅس پشاور کے ذرائع کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان اسلام آباد منتقل ہوگئے ہیں اور انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاﺅس خالی کر دیا ہے. نگراں وزیر اعلیٰ اپنا ذاتی سامان بھی ساتھ لے گئے ہیں. صوبے کے نئے وزیر اعلیٰ کا انتخاب آج ہوگا، جبکہ نومنتخب وزیر اعلیٰ کل 17اگست کو عہدے کا حلف اٹھائیں گے�

(جاری ہے)


Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات