Live Updates

خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کے محمود خان وزیراعلی منتخب‘مجلس عمل کے نثار گل 33ووٹ ہی حاصل کرسکے

محمود خان کل وزیراعلی کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے‘آزاد امیدواروں کی پی ٹی آئی کو سپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 16 اگست 2018 12:15

خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کے محمود خان وزیراعلی منتخب‘مجلس عمل ..
پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 اگست۔2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے محمود خان صوبہ خیبر پختونخواہ کے نئے وزیر اعلیٰ منتخب ہوگئے۔ ان کا مقابلہ متحدہ مجلس عمل کے امیدوار میاں نثار گل سے تھا. تفصیلات کے مطابق قائد ایوان کے انتخاب کے لیے خیبر پختونخواہ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر مشتاق غنی کی زیر صدارت ہوا‘ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے لیے ووٹنگ کی گئی.

انتخاب شروع ہوتے ہی ایوان کے دروازے بند کر دیے گئے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے محمود خان کا مقابلہ متحدہ مجلس عمل کے میاں نثار گل سے تھا‘محمود خان نے77 اور میاں نثار گل نے 33 ووٹ حاصل کیے. گزشتہ روز خیبر پختونخواہ اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوا تھا جس میں تحریک انصاف کے مشتاق غنی اسپیکر اور محمود جان ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے.

پختونخواہ اسمبلی میں اسپیکر کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے مشتاق غنی اور متحدہ اپوزیشن کے لائق محمد خان مدمقابل تھے. تحریک انصاف کے مشتاق غنی 83 ووٹ لے کر اسپیکر خیبر پختونخواہ منتخب ہوئے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے لائق محمد کو 27 ووٹ ملے. ڈپٹی اسپیکر کے لیے تحریک انصاف کے محمود جان اور مسلم لیگ ن کے جمشید مہمند مدمقابل تھے. پولنگ کے بعد محمود جان 78 ووٹ لے کر ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخواہ منتخب ہوئے جبکہ جمشید مہمند نے 30 ووٹ حاصل کیے.

یاد رہے کہ انتخابات کے بعد خیبر پختونخواہ اسمبلی کا پہلا اجلاس 13 اگست کو ہوا تھا جس میں نو منتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھایا. پختونخواہ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کو اکثریت حاصل ہے. صوبائی اسمبلی میں تحریک انصاف کی 84، متحدہ مجلس عمل کی 13، عوامی نیشنل پارٹی کی 9، پاکستان مسلم لیگ ن کی 6، پاکستان پیپلز پارٹی کی 5، پاکستان مسلم لیگ ق کی 1 اور 3 آزاد امیدواروں کی نشستیں موجود ہیں.

محمود خان کل وزیراعلی کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے. خیبرپختونخواہ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر مشتاق غنی کی صدارت میں شروع ہوا، ارکان کی کمی پر اسپیکر کی جانب سے پانچ منٹ کا وقت دیا گیا لیکن مقررہ وقت کے بعد بھی ارکان کی آمد جاری رہی وزیر اعلی کے انتخاب کا عمل شروع ہونے ہراسپیکر کی ہدایت پر اسمبلی ہال کے دروازے بند کردیے گئے. تحریک انصاف کے امیدوارمحمود خان کے حامی لابی نمبردو اوراپوزیشن کے امیدوار میاں نثارگل کے حامی لابی نمبر ایک میں گئے آزاد ارکان احتشام جاوید اور فیصل زمان نے تحریک انصاف کے امیدوار کو ووٹ دیا، نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے محمود خان نے 77 اورمتحدہ اپوزیشن کے میاں نثار گل نے 33 ووٹ حاصل کیے.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات