بھارتی قیادت اپنے بیانات سے عالمی برادری کو کشمیر کے حوالے سے ہرگز گمراہ نہیں کرسکتی‘سید علی گیلانی

جمہوری انداز اور طریقے سے آزادی کی بات کرنے والوں کو گرفتار کرکے جیلوں میں بند کرکے اذیتیں دی جاتی ہیں

جمعرات 16 اگست 2018 12:51

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کشمیر کے بارے میںبھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ بیان کومحض ایک دھوکہ اور فریب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی قیادت اپنے بیانات سے عالمی برادری کو ہرگز گمراہ نہیں کرسکتی۔ نریندر مودی نے بھارتی یوم آزادی کی تقریب سے اپنی تقریر میںکہا تھا کہ وہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے انسانیت ، جمہوریت اور کشمیریت کو آگے بڑھائیں گے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت محکوم کشمیریوں کو اپنی فوجی طاقت کے ذریعے سے حق پر مبنی جدوجہد سے الگ کرنے کی پالیسی پر بدستور عمل پیرا ہے اور اس نے مقبوضہ علاقے میں بڑے پیمانے پر ظلم وجبر اور قتل غارت گری کا بازار گرم کررکھا ہے۔

(جاری ہے)

سید علی گیلانی نے کہا کہ جمہوری انداز اور طریقے سے آزادی کی بات کرنے والوں کو گرفتار کرکے جیلوں میں بند کرکے اذیتیں دی جاتی ہیں، معصوم کشمیری بچوں پر گولیاں برسائی جاتی ہیں اور پیلٹ مار کر انہیں بصارت سے محروم کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری خواتین کی آبرو ریزی کو ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔سید علی گیلانی نے مقبوضہ کشمیر کے گورنر این این وہرا کے ’’ مذاکرات‘‘ کے نعرے کو بھی ایک فریب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے نعرے صرف اور صرف عالمی برادری کو دھوکہ دینے کے لیے دئے جارہے ہیں۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیر امن وترقی کا نہیں بلکہ یہ ایک کروڑ تیس لاکھ لوگوں کے پیدائشی حق ، حق خود ارادیت کا مسئلہ ہے جس کا وعدہ خود بھارت نے کشمیریوں سے کر رکھا ہے ۔

حریت چیئرمین نے کہا کہ بھارت جس ’جمہوریت، انسانیت اور کشمیریت‘‘ کی بات کرتا ہے اس میں جمہوریت اس کے سوا کچھ نہیں تھی کہ کشمیری 8/ لاکھ کے قریب بھارتی فوجیوںکی نگرانی میں کئے جانے والے انتخابات کو استصواب کا نعم البدل سمجھ کر قبول کریں جبکہ ان کے نزدیک ’’کشمیریت‘‘ ظلم وجبر کے خلاف آواز اٹھانے کے بجائے ظلم سہنے اور اپنے جائز حقوق سے دست بردار ہونے کا نام ہے۔