مون فرینڈز کے زیر اہتمام محلہ کھوہ میں جشن آزادی کی تقریب

جمعرات 16 اگست 2018 12:58

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) مون فرینڈز کے زیر اہتمام محلہ کھوہ ہری پور میں شام جشن آزادی منائی گئی جس کے لئے گرلز کالج روڈ پر خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا اور چراغاں کرنے کے ساتھ ساتھ جنگی جہاز اور سازوسامان کے علاوہ دیگر مختلف ماڈلز سجائے گئے جن کو دیکھنے کے لئے گردونواح سے مرد و خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد پہنچ آئی اور شائقین نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

ہری پور شہر میں جشن آزادی کی بہترین تقریب کے انعقاد پر آرگنائزر مون بھائی، شکیل عتیق، اسامہ ولید، توفیق، حسنین خان، افضل احمر اور دیگر کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کی مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر ہری پور سارہ رحمن، تحصیل ناظم طارق خان اور نائب ناظم سید احسن شاہ تھے۔

(جاری ہے)

تقریب شام 6 بجے سے رات گئے تک جاری رہی جس میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین اور بچوں نے خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔

مہانان گرامی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جس طرح اہالیان ہری پور نے جشن آزادی محافل سجا کر اس میں بھرپور شرکت کر کے محب الوطنی کا ثبوت دیا ہے اس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور تحصیل حکومت اس طرح کی سرگرمیوں کے فروغ کی حوصلہ افزائی کرے گی، اس مقصد کے لئے کمیٹی کام کر رہی ہے جو نہ صرف بہترین تقریب منعقد کرنے پر پوزیشن ہولڈرز کے ناموں کا بھی اعلان کرے گی بلکہ انہیں خصوصی انعامات بھی دیئے جائیں گے تاکہ مقابلہ کا رجحان پیدا ہو اور جشن آزادی کو مزید بہتر طریقہ سے منانے کیلئے اور لوگ بھی سامنے آئیں۔