اومان:خوفناک ٹریفک حادثے میں سات سعودی ہلاک

حادثے کی شدت کے باعث مرنے والے موقع پر ہی دم توڑ گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 16 اگست 2018 12:50

اومان:خوفناک ٹریفک حادثے میں سات سعودی ہلاک
مسقط(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 اگست 2018ء) وسطی اومان کے صوبے ہائمہ میں ایک کار کو خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں سات سعودی شہری جان کی بازی ہار گئے‘ جبکہ پانچ افراد کو شدید نوعیت کے زخم آئے ہیں۔ رائل اومان پولیس کے مطابق کار سامنے سے آنے والے ٹرک سے جا ٹکرائی۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ سات افراد موقع پر ہی جان گنوا بیٹھے۔ جبکہ زخمی ہونے والے دیگر افراد کو ہائمہ اور نِزوا کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔

حادثے کے حوالے سے مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ پولیس کے مطابق کار اور ٹرک کے درمیان تصادم ہائمہ صوبے میں پیش آیا جس میں سات افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے۔ ان تمام افراد کا تعلق سعودی عرب سے ہے۔ تاحال حادثے کی ذمہ داری کا تعین نہیں ہو سکا۔ اس سے پہلے 4 اگست 2018ء کو چار اماراتی کار حادثے میں شدید زخمی ہو گئے تھے‘ جن میں دو بچے بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

جبکہ جولائی 2018ء میں اِبری صوبے میں کار اُلٹنے کے باعث پانچ یمنی باشندے زندگی سے محروم ہو گئے تھے۔ اومانی پولیس کے مطابق غلط طریقے سے اوور ٹیکنگ اور تیز رفتاری اومانی مملکت میں رُونما ہونے والے ٹریفک حادثات کی سب سے اہم وجوہات ہیں۔ زیادہ تر حادثات آدم‘ ہائمہ اور سلالہ روڈ پر رُونما ہوتے ہیں۔ سلالہ خلیجی ممالک سے تعلق رکھنے والوں کے لیے گرمائی تفریح کے حوالے سے خاصا مشہور مقام ہے۔

کیونکہ یہاں پر درجہ حرارت معتدل ہوتا ہے جبکہ یہاں کے سرسبز اور دلفریب مناظر بھی سیاحوں کو اپنی جانب کھینچتے ہیں۔ رائل اومان پولیس کے مطابق2017ء میں اومانی مملکت میں مجموعی طور پر 3,845 حادثات رُونما ہوئے تھے جن میں 640 افراد دارِ فانی سے کُوچ کر گئے اس کے علاوہ 3,134 افراد کومعمولی اور شدید نوعیت کے زخم آئے۔ جبکہ 2016ء میں روڈ ایکسیڈنٹس کی تعداد 4,721 نوٹ کی گئی تھی۔ پولیس نے ڈرائیور حضرات کو ہدایت کی ہے کہ وہ فیملی کے ساتھ سفر کے دوران ڈرائیونگ کرتے وقت حدِ رفتار سے تجاوز نہ کریں اور ٹریفک ضابطوں کی پابندی کو یقینی بنائیں۔