شکاگو میں پاکستان کا یوم آزادی انتہائی جوش وخروش سے منایا گیا

جمعرات 16 اگست 2018 13:42

شکاگو میں پاکستان کا یوم آزادی انتہائی جوش وخروش سے منایا گیا
شکاگو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) امریکا میں مقیم پاکستانیوں نے پاکستان کا یوم آزادی شکاگو کے ڈائون ٹائون کے ڈیلے سنٹر میں انتہائی جوش وخروش سے منایا اور پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچم لہرایا۔ تقریب میں بڑی تعداد میں سفارتی نمائندوں اور امریکی ریاست الی نوائے کے حکام اور نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر بروس رئونر، شکاگو کے میئر راہم ایمانویل، بولنگ برئوک کے مئیر روگر کلار، سٹیٹ نمائندہ مس لارا فائن، رکن کانگریس پیٹر روسکام اور الی نوائے کی اٹارنی جنرل لیزا میڈیگان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

مس ڈوروتھی برائون، جو 2019ء کیلئے میئر کی امیدوار ہیں، نے بھی تقریب میں شرکت کی پاکستانی امریکن کیمونٹی کو مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

شکاگو میں پاکستان کے قونصل جنرل فیصل نیاز ترمذی نے اس موقع پر کہا کہ گزشتہ71 سال کے دوران چلینجز کے باوجود پاکستان 20 کروڑ لوگوں پر مشتمل مضبوط جمہوری ملک کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دوسری جمہوری حکومت کی مدت کی تکمیل کے بعد اب نئی حکومت اقتدار سنبھال رہی ہے، پاکستان کی نئی نسل ملک سے محبت کرتی ہے اور وہ ملک کی ترقی کیلئے کام کرنے کے جذبے سے سرشار ہیں۔

قونصل جنرل نے اس موقع پر دو پاکستانی ہونہار طلبہ ابراہیم خان اور مس عالیہ ظفر کا تعارف کرایا جنہوں نے 2018ء کا صدارتی سکالرشپ ایوارڈ جیتا ہے۔ پاکستان کے قونصل جنرل فیصل نیاز ترمذی نے امریکا میں مقیم پاکستانیوں سے کہا ہے کہ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ 2018 ء میں دل کھول کر عطیات دیں۔ بعد ازاں قونصل جنرل نے شکاگو کے ڈائون ٹائون کے مرکزی چوک میں پاکستان کا ایک بڑا قومی پرچم لہرایا اس موقع پر قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شریک بچوں کی جانب سے پاکستان کی ثقافت کی عکاسی کرنے والے ملبوسات پہن کر فن کا مظاہرہ کیا گیا جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔

متعلقہ عنوان :