سپریم کورٹ نے میڈیا لاجک کو ایک مرتبہ پھر ریٹنگ جاری کرنے سے روک دیا

آپ نے جان بوج کر حکم عدولی کی اٹارنی جنرل چارج شیٹ بنایئں.چیف جسٹس کا اظہار برہمی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 16 اگست 2018 13:20

سپریم کورٹ نے میڈیا لاجک کو ایک مرتبہ پھر ریٹنگ جاری کرنے سے روک دیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 اگست۔2018ء) چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے میڈیا لاجک کو ایک مرتبہ پھر ریٹنگ جاری کرنے سے روکتے ہوئے پیمرا کے چیئرمین کی سربراہی میں سب کو ایک ساتھ بیٹھ کر تجاویز مرتب کرنے کا حکم دے دیا. چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے میڈیا لاجک کے ریٹنگ جاری کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کی.

میڈیا لاجک کے چیف ایگزیکٹو افسر سلمان دانش عدالت میں پیش ہوئے جس پر چیف جسٹس نے سی ای او میڈیا لاجک سے استفسار کیا کہ آپ نے عدالت کے احکامات کیوں نہیں بجا لائے؟. چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے جان بوج کر حکم عدولی کی اٹارنی جنرل چارج شیٹ بنایئں.

(جاری ہے)

سی ای او میڈیا لوجک سلمان دانش نے جواب دیا کہ ’میں معافی مانگتا ہوں ہم نے عدالتی حکم پر عمل درآمد کی رپورٹ جمع کرائی ہے جو نا مناسب تھی.

چیف جسٹس نے کہا کہ ہم آپ کی مشروط معافی کو تسلیم نہیں کرتے آپ کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی ہو گی، نہال ہاشمی کا کیس آپ کے سامنے ہے. جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آپ پر الزام ہے کہ آپ نے جان بوجھ کر ریٹنگ میں ردوبدل بھی کیا دو تین بڑے بوائز ہیں جنہوں نے سب کنٹرول کر رکھا ہے. سلمان دانش نے کہا کہ ہم نے کوئی امتیاز نہیں رکھا تمام چینلز کو ریٹنگ دے رہے ہیں.

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا پیمرا نے ریٹنگ جاری کرنے کا میکنزم اختیار کیا ہے، پرائیویٹ کمپنیاں پیسے کما رہی ہیں حکومت اس کارٹل کو جلد روکے یہ مناپلی درست نہیں ،حکومت کو گالیاں دینے والوں کی ریٹنگ بڑھا دی جاتی ہے. عدالت نے میڈیا لاجک کو ایک مرتبہ پھر ریٹنگ جاری کرنے سے روک ہوئے چیئرمین پیمرا کی سربراہی میں سب کو تجاویز مرتب کر نے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 5 ستمبر تک ملتوی کر دی.