بھارتی ٹیم غیرذمہ دار اور بیوقوف نکلی ،سابق برطانوی کرکٹر

اگر آپکے پاس پلان نہیں ہوگا اور کھیل پر محنت نہیں کریں گے تو کرکٹ آپکو اٹھاکر باہر پھینک دےگی:جیفری بائیکاٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 16 اگست 2018 13:24

بھارتی ٹیم غیرذمہ دار اور بیوقوف نکلی ،سابق برطانوی کرکٹر
لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16اگست 2018 ء) انگلینڈ کے سابق کرکٹر جیفری بائیکاٹ نے بھارتی ٹیم کو انتہائی غیرذمہ دار اور بیوقوف قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ حقیقت میں اس شرمناک شکست کے مستحق تھی۔1964ءسے1982ءکے درمیان 108ٹیسٹ اور36ون ڈے میچز زمیں انگلینڈ کی نمائندگی کرنے والے 77سالہ جیفری بائیکاٹ نے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم اس مغرور سوچ کے ساتھ انگلینڈ آئی کہ اپنے ملک کی طرح بیٹنگ کرتے رہے گی اور ہر چیز ان کے حق میں بہتر ہوگی، اگر آپ کے پاس پلان نہیں ہوگا اور اپنے کھیل پر محنت نہیں کریں گے تو پھر کرکٹ آپ کو اٹھاکر باہر پھینک دے گی، اب تک بھارتی ٹیم نے خود اپنے آپ کو ڈبویا اور اپنے شائقین کو مایوس کیا، ان کی بیٹنگ نہ صرف غیرذمہ دارانہ بلکہ بیوقوفانہ رہی ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی ٹیم کو انگلینڈ کے ہاتھوں دوسرے ٹیسٹ میں ایک اننگز کی شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا جس پر شائقین کی جانب سے شدید برہمی ظاہر کی جارہی اور اب تو انھوں نے خود بھی اپنی ٹیم کو گھر کے شیر قرار دینا شروع کردیا ہے۔

(جاری ہے)

شائقین انتہائی مشتعل ہیں، ان کا غصہ ٹھنڈا کرنے کیلیے کپتان ویرات کوہلی نے انھیں باتوں سے بہلانا شروع کردیا ہے۔

لارڈز میں ایک اننگز اور 159 رنز کی شکست کے بعد ویرات کوہلی نے فیس بک پر شائقین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات ہم جیت جاتے ہیں یا پھر ہمیں سیکھنے کو ملتا ہے، آپکو کبھی بھی ہم سے ناامید نہیں ہونا چاہیے ہم بھی وعدہ کرتے ہیں کہ آپکو مایوس نہیں کریں گے۔ ہمیں اچھے اور برے وقت میں ایک دوسرے کی ہمت افزائی کرنا چاہیے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھارت کو ایجبسٹن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں 31 رنز سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا، تب صرف کوہلی نے سنچری سمیت دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 200 رنز بنائے تھے جبکہ باقی کھلاڑی بری طرح ناکام ہوئے اور اس بار تو کوہلی بھی بڑی اننگز نہیں کھیل پائے، اس طرح انگلینڈ نے 5 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

کوہلی نے تسلیم کیا کہ ان کی ٹیم لارڈز میں اچھی کرکٹ نہیں کھیل سکی، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنا اور ان سے سیکھنا چاہیے، اس کے بعد انھیں سائیڈ پر کرکے ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ آئندہ اس قسم کی غلطی پھر ہم سے سرزد نہ ہو، ہمیں اعتماد حاصل کرنا اور کوتاہیوں کو پرہیز کرنا چاہیے۔ کوہلی نے مزید کہا کہ اگلے میچ میں ہم صرف فتح کی لگن لیے میدان میں اتریں گے اور سیریز میں کم بیک کی پوری کوشش کریں گے۔ تیسرا ٹیسٹ ہفتے سے ٹرینٹ برج میں شروع ہوگا۔