Live Updates

نئی حکومت اور عہدیداروں کی بنیاد جھوٹ، دغا اور ہارس ٹریڈنگ پر رکھی جا رہی ہے‘سعد رفیق

آصف زرداری کی مجبوریوں کا احساس ہے اس لیے گلہ نہیں کریں گے،فراڈ حکومت زیادہ دیر نہیں چلے گی‘میڈیا سے گفتگو

جمعرات 16 اگست 2018 14:21

نئی حکومت اور عہدیداروں کی بنیاد جھوٹ، دغا اور ہارس ٹریڈنگ پر رکھی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ نئی حکومت اور عہدیداروں کی بنیاد جھوٹ، دغا اور ہارس ٹریڈنگ پر رکھی جا رہی ہے، پرویزالٰہی کو سپیکر پنجاب اسمبلی بنانا بھی میرٹ کیخلاف ہے،ہمیں آصف علی زرداری کی مجبوریوں کا احساس ہے اس لیے گلہ نہیں کریں گے،پیپلز پارٹی آئندہ ہمارا ساتھ دے گی ابھی بڑے مرحلے باقی ہیں جب کہ متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں طے ہوا تھا کہ شہباز شریف وزارت عظمی کا الیکشن لڑیں گے۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا مسلم لیگ (ن) کے رہنما سعد رفیق نے کہاکہ ملک میں نام نہاد حکومت بنائی جارہی ہے جس طرح عمران خان کے لیے دھاندلی کی گئی سب جانتے ہیں، بہروپیے کے روپ میں وزیراعظم ہائوس تو چلے گئے لیکن یہ روپ زیادہ نہیں چلنے والا، حکومت گرانے کی کوشش نہیں کریں گے تاہم ہم دیکھیں گے کب کب گورنر ہائوس کی دیواریں گریں گی۔

(جاری ہے)

سعد رفیق نے کہا کہ دھاندلی اور دھونس کے ذریعے ہر کام کیا جارہا ہے،پرویزالٰہی کو سپیکر پنجاب اسمبلی بنانا بھی میرٹ کیخلاف ہے۔ انہوںنے کہاکہ کوئی گولی چلا رہا ہے اور کوئی دھونس جما رہا ہے، کراچی میں تحریک انصاف کے ایم پی اے نے سڑک پر ایک شخص کو مارا لیکن کچھ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان غیر ملکی قرضے مت لینا تم اس کے خلاف تھے جب کہ ہم ایک کروڑ نوکری اور گھر بھی یاد کرواتے رہیں گے۔

سابق وزیر ریلوے نے کہاکہ ہمیں آصف زرداری کی مجبوریوں کا احساس ہے اس لیے گلہ نہیں کریں گے، پیپلز پارٹی آئندہ ہمارا ساتھ دے گی ابھی بڑے مرحلے باقی ہیں جب کہ متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں طے ہوا تھا کہ شہباز شریف وزارت عظمی کا الیکشن لڑیں گے۔انہوںنے کہاکہ نااہل شخص جہاز میں لوگوں کو خرید کر اسمبلی لا رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ وہ فارورڈ بلاک بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، نہ حکومت گرانے کی تاہم فراڈ حکومت زیادہ دیر نہیں چلے گی۔خواجہ سعدرفیق نے کہاکہ عمران خان ابھی وزیراعظم نہیں بنے اور پروٹوکول لے رہے ہیں۔ ابھی تو کہانی شروع ہوئی ہے۔ آگے آگے دیکھیے ہوتے ہے کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات