عید الاضحی‘وائلڈلائف پارکس اور چڑیاگھروں میں سکیورٹی انتظامات کی چیکنگ کیلئے افسران کی چھٹیاں منسوخ

10افسران کی ڈیوٹیاں لگا دی گئیں ، سکیورٹی انتظامات بارے جاری کردہ ایس او پی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے

جمعرات 16 اگست 2018 14:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) عیدالاضحی کی چھٹیوںکے دوران صوبہ بھرکے پارکس اور چڑیا گھروںکے سکیورٹی انتظامات، سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی ، سٹاف کی حاضری اور سٹاف کا نظم و ضبط چیک کرنے کیلئے 10 افسران کی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں ۔ ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر سمیت تمام چڑیاگھروں، صوبہ بھر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز وائلڈ لائف، کیوریٹرز، ڈسٹرکٹ وائلڈلائف آفیسرزاور تمام فیلڈافسران واہلکاران کو عید کی چھٹیوں کے دوران اپنی جائے تعیناتی پر موجود رہنے کی ہدا یت کی گئی ہے اور اس ضمن میں باقاعدہ احکامات جاری کردیئے گئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹروائلڈلائف ملتان ریجن محمد سلیم اختر کو وائلڈ لائف پارک رحیم یار خان اور بہاولپور چڑیا گھر،ڈپٹی ڈائریکٹر سالٹ رینج چکوال رانا شہبازخان کو وائلڈ لائف پارک چھانگا مانگا قصور اور جلو وائلڈلائف پارک لاہور،ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف لاہور سید ظفرالحسن کولاہور چڑیاگھر،ڈپٹی ڈائریکٹرسرگودھاریجن محمد انور مان کو گٹ والا ، کمالیہ اور بھاگٹ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے وائلڈلائف پارکس ،ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف بہاولپور ریجن میاں محمدعباس کوڈیرہ غازی خان چڑیاگھر ،فتح پور وائلڈلائف پارک لیہ اور وائلڈلائف پارک جوہرآبادضلع خوشاب،ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ساہیوال ریجن ڈاکٹر مصباح سرور کو وائلڈلا ئف بہاولنگر، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف گوجرانوالہ عبدالشکور منج کو وائلڈلائف پارک لوئی بھیر اور وائلڈلائف پارک مری ،ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ڈیرہ غاز یخان سجادحسین کو وائلڈلائف پارک و بریڈنگ سنٹر پیرو وال خانیوال اور وائلڈلائف پارک وہاڑی،ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف فیصل آباد ریجن محمد زاہد اقبال کو بھکر منی زو جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف سائنسز گٹ والا کو سفاری زو لاہور اور وائلڈلائف پارک ہیڈ سلیمانکی چیک کرینگے ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیںعید کی چھٹیوں کے دوران غیر قانونی شکار کی روک تھام یقینی بنانے کیلئے تمام فیلڈ افسران اور سٹاف کی بھی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور انہیں اپنے متعلقہ علاقوں میں چوکس رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ مزید براں تمام وائلڈ لائف پارکس ، چڑیا گھروں اور بریڈنگ سنٹرز کے انچارج افسران کو سکیورٹی انتظامات بارے جاری کردہ ایس او پی پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنانے اور صبح سے شام تک ڈیوٹی پر موجود رہنے ،کسی بھی وزیٹر کو چیک کئے بغیر پارک میں داخل نہ ہونے دینے اور سیاحوں کے لئے صاف اور ٹھنڈے پانی کا انتظام کرنے کی بھی ہدا یت کی گئی ہے۔

ایس او پی کے مطابق تمام انچارج اپنے پارکس اور وائلڈ لائف سنٹرز کے متعلقہ پولیس اسٹیشنز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ سے قریبی رابطہ رکھنے کے پابند ہونگے۔اس کے ساتھ ساتھ انہیں پارکس اور چڑیاگھروں کے باہر عوام کے رش کے پیش نظر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک وارڈنز کی خدمات حاصل کرنیکابھی حکم دیا گیا ہے ۔مراسلے میں کہاگیا ہے کہ جاری کردہ ایس اور پی پر عدم عملدرآمد کی صورت میں متعلقہ افسر کے خلاف محکمہ قوانین کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔