مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے ضلع ممبران نے وسیع تر مفاد کیلئے پارٹی وابستگی سے بالاتر ہو کر چلنے کا عہد کر لیا

ضلع ناظم اور نائب ناظم ایبٹ آباد کے انتخاب کیلئے پی ٹی آئی امیدواروں کی بلامقابلہ منتخب ہونے کی راہ ہموار ہوگئی

جمعرات 16 اگست 2018 14:56

ایبٹ آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے ضلع ممبران نے ضلع ایبٹ آباد کے وسیع تر مفاد کیلئے پارٹی وابستگی سے بالاتر ہو کر چلنے کا عہد کر لیا۔ ضلع ناظم اور نائب ناظم کے انتخاب کیلئے تحریک انصاف کے نامزد امیدواروں کی بلامقابلہ منتخب ہونے کی راہ ہموار ہو گئی۔

(جاری ہے)

ایبٹ آباد پریس کلب میں پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار ضلع ناظم سردار سعید انور اور نائب ناظم بابو جاوید اقبال کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) کے ممبران ضلع کونسل نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ضلع ناظم اور ضلع نائب ناظم ایبٹ آباد کے چنائو میں ان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے اپوزیشن لیڈر ممبر ضلع کونسل طاہر جاوید عباسی، جماعت اسلامی کے سردار فخر عالم، مسلم لیگ (ن) کے ندیم احمد مغل، ناہید اعوان، قاضی عابد سرہاب، شوکت ہارون خان جبکہ پی ٹی آئی کے پیٹر نیروز گل، کرنل (ر) سردار شبیر، بابو خوشحال، کامران گل ایڈووکیٹ سمیت ضلعی صدر نقیب الله خان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر نامزد ضلع ناظم سردار سعید انور نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ممبران کونسل نے ضلع کی ترقی کیلئے ملکر ساتھ چلنے کا اعلان کیا ہے، ضلع کونسل میں پارٹی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ضلع کی ترقی کیلئے کام کریں گے۔