ڈھوڈیال میں گھریلو تنازعہ پر شوہر نے تشدد کر کے بیوی کو قتل کر دیا

جمعرات 16 اگست 2018 14:56

مانسہرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) ڈھوڈیال میں گھریلو تنازعہ پر شوہر نے تشدد کر کے بیوی کو قتل کر دیا، مسماة شوہر کے تشدد سے شدید زخمی ہو گئی تھی، خاتون دو روز زیر علاج رہنے کے بعد ہسپتال میں دم توڑ گئی، پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالہ کر دی، پولیس نے مقدمہ درج کر کے قاتل کی تلاش شروع کر دی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ضلع مانسہرہ کے علاقہ ڈھوڈیال کے گائوں مٹی (فرش پل) میں خان محمد نامی شخص نے گھریلو تنازعہ پر اپنی اہلیہ مسماة (س) کو تشدد کا نشانہ بنایا جسے شدید زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ جمعرات کو زخموں کی تاب نہ لا کر ہسپتال میں دم توڑ گئی۔

لواحقین نعش لیکر تھانہ شنکیاری پہنچ گئے۔ شنکیاری پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالہ کر دی اور خان محمد کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی۔ واضح رہے کہ مقتولہ چار بچوں کی ماں تھی۔