ْتارکین وطن کی جانب سے ڈیمز فنڈ میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ، صرف 6.92 ملین روپے جمع کروائے گئے

پاکستان میں 13 اگست تک ڈیمز فنڈ کی مد میں کل 854.8 ملین روپے موصول ہوئے ہیں، ترجمان مرکزی بینک

جمعرات 16 اگست 2018 14:50

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) ملک سے پانی کی قلت دور کرنے کیلئے سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے قائم کئے جانیوالے بھاشا اور مہمند -ڈیمز کی تعمیر میں فنڈز جمع کروانے کے حوالے سے اہل وطن نے تارکین وطن سے امیدیں وابستہ کر لی ہیں، غیر ملکی پاکستانیوں کی جانب سے ڈیمز کی مد میں اکٹھے ہونیوالے فنڈز کیلئے اکٹھی ہونیوالی کل 861ملین روپے کی رقم کے مقابلے میں غیر ملکی پاکستانیوں کی طرف سے صرف6.92 ملین روپے جمع کروائے گئے ہیں۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بدھ کو موصول ہونیوالے آخری اعدادو شمار کے مطابق پاکستان میں ڈیمزفنڈ کی مد میں کل 854.8ملین روپے موصول ہوئے ہیں جن کی تفصیلات اس طرح ہیں کہ 13اگست کو 22.006ملین روپے‘9اگست کو 87.4ملین‘8اگست کو63.4ملین اور6اگست کو 44.9ملین روپے اکٹھے ہوئے ۔

(جاری ہے)

اسی طرح مختلف سرکاری و کمرشل بینکوں کی جانب سے ڈیم فنڈ کی مد میں3اگست کو 16.1ملین روپے،2اگست کو21.3ملین روپے ،یکم اگست کو 41.4ملین روپے جبکہ 31جولائی کو66ملین روپے اکٹھے ہوئے تھے۔

ملک بھر سے حاصل ہونیوالے ڈیٹا کے مطابق ملک بھر سے بذریعہ ایس ایم ایس سروس 41.8ملین روپے موصول ہوئے جبکہ انٹر بینک -ٹرانسفر سروس کے تحت21.24ملین روپے اکٹھے ہوئے ہیں جبکہ مختلف بینک برانچوں نے 791.061 روپے وصول کئے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ترجمان نے بتایا ہے کہ بھاشا اور مہمند ڈیمز کیلئے بنائے گئے سپریم کورٹ آف پاکستان کے ڈیمز فنڈ میں ایک کلک کے ذریعے بذریعہ ڈیبٹ کارڈ ‘کریڈیٹ کارڈ آن لائن ملک کے کے کسی بھی حصے سے بھیجے جا سکتے ہیں، علاوہ ازیں تارکین وطن اپنے فنڈز بذریعہ کیش’چیک ‘پے آرڈر ‘ڈیمانڈ ڈرافٹ وغیرہ کے ذریعے ڈیپازٹ کر سکتے ہیں اور ایسے تارکین وطن جن کے پاکستان میں پاکستانی کرنسی میں اکائونٹ موجود ہیں وہ بھی اپنے بینک کے ذریعے ڈیمز فنڈ میں انٹر بینکنگ کے ذریعے رقم بھجوا سکتے ہیں۔