سعودی عرب ،ْ پولیس پرفائرنگ کرنے والا داعش کا کا رکن گرفتار

سعودی شہری فواز الحربی داعش کی فکر سے متاثر ہوکر ملک میں دہشت گردی کے کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہا تھا ،ْحکام

جمعرات 16 اگست 2018 14:50

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) سعودی عرب میں پولیس پرفائرنگ کرنے والے داعش کے کا رکن کو گرفتار کرلیاگیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے بتایا کہ سعودی شہری فواز الحربی داعش کی فکر سے متاثر ہوکر ملک میں دہشت گردی کے کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے اسے گرفتار کرنے کے لئے خصوصی فورس تشکیل دی جس نے اسے ایک مقام پر گھیر لیا۔

پولیس کا گھیراؤ محسوس کرتے ہی اس نے فائر کھول دیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں پولیس نے اس کادارالحکومت کے علاقے البکیریہ میں سراغ لگالیا۔ اس کی گاڑی کا گھیراؤ کیا گیا اور اس سے خود کو حوالے کرنے کا کہا گیا تاہم وہ گاڑی سے اترا اور اپنے جسم پر دھماکہ خیز بیلٹ کی مانند چیز لپیٹ دی ۔اس نے سکیورٹی اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی تو پولیس نے جوابی کارراوئی کرتے ہوئے اسے زخمی کردیا۔ بعد ازاں اسے گرفتار کرکے زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ملزم کے قبضے سے تلاشی لینے پر اس کے قبضے سے کلاشنکوف ، 359گولیاں، 5 میگزینز، پسٹل اور اس کی 30گولیاں برآمد ہوئیں۔