چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی 9 رکنی پارلیمانی وفد کے ہمراہ پانچ روزہ دورے پر چین پہنچ گئے

پاکستان چین کے ساتھ دوستی کے تاریخی اور لازوال رشتے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،ْصادق سنجرانی

جمعرات 16 اگست 2018 16:40

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی 9 رکنی پارلیمانی وفد کے ہمراہ پانچ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی 9 رکنی پارلیمانی وفد کے ہمراہ پانچ روزہ دورے پر چین پہنچ گئے۔ جمعرات کوسینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق دورے کا مقصد چین کے ساتھ پارلیمانی تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور کثیرجہتی روابط کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری اور تجارتی مراسم کے لیے نئی راہیں ہموار کرنا ہے، دورے کی دعوت چین کی طرف سے دی گئی تھی۔

بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ دوستی کے تاریخی اور لازوال رشتے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دورے سے باہمی تعاون کو مزید استحکام ملے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین کی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وفد اپنے اس دورے کے دوران چین کے وزیر خارجہ، این پی سی کے چیئرمین، سی پی پی سی کے سربراہان اور دیگر ملاقاتوں کے علاوہ مختلف کمپنیوں اور تجارتی شعبوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کرے گا تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارتی روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے نئے مواقع تلاش کیے جائیں۔

صادق سنجرانی کا بحیثیت چیئرمین سینٹ چین کا یہ پہلا دورہ ہے۔ وفد میں سینیٹرز نزہت صادق، ستارہ ایاز، محمد اکرم، دلاور خان، کودہ بابر، اعظم خان سواتی، بیرسٹرمحمد علی خان سیف، مرزا محمد آفریدی اور سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز شامل ہیں۔