ابو ظہبی:بھارتی انجینئر پیسے ڈبل کروانے کے چکر میں لُٹ گیا

نائجیرین باشندے نے 73 ہزار اماراتی درہم کا ٹیکہ لگا دِیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 16 اگست 2018 16:38

ابو ظہبی:بھارتی انجینئر پیسے ڈبل کروانے کے چکر میں لُٹ گیا
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 اگست 2018ء) ایک نائیجیرین باشندے کو دھوکا دہی سے 73 ہزاراماراتی درہم کی رقم ہتھیانے پر پولیس نے گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق 22 اپریل 2018ء کو جبل علی پولیس اسٹیشن میں ایک 34 سالہ بھارتی باشندے نے رپورٹ درج کرائی کہ’’میں ایک اپنے آبائی وطن بھارت میں ایک کیفے کھولنے کا ارادہ بنائے بیٹھا تھا اس مقصد کے لیے مجھے ایک بزنس پارٹنر کی تلاش تھی۔

اس سلسلے میں مجھ سے ایک نائیجیرین باشندے نے رابطہ کیا اور کہا کہ وہ کیفے کے سلسلے میں میرے ساتھ شرکت کے لیے تیار ہے۔ تاہم اُس کی دس لاکھ ڈالر کی رقم جنوبی افریقہ میں پڑی ہے‘ جو کہ اُس کے مُلک کے قونصلیٹ کے ذریعے متحدہ عرب امارات بھیجی جائے گی۔ 4 اپریل 2018ء کو میری ملزم سے میرے گھر پر ملاقات ہوئی جس میں اُس نے کہا کہ اُس کے پاس ایک ایسا کیمیکل ہے جو کالے کاغذ کو اصل ڈالرز میں بدل دیتا ہے۔

(جاری ہے)

جس پر میں نے اُسے کہا کہ وہ میرے پاس موجود رقم کو بھی ڈبل کر دے۔ یہ سُن کر وہ کہنے لگا کہ مجھے بیس ہزار ڈالر دو‘ اور ساتھ میں ایک سُوٹ کیس بھی دو۔ میں تمہارے نوٹوں کے ساتھ کالے پیپر مِکس کر کے رکھ دُوں گا ‘ اور اس پر کیمیکل ڈالوں گا۔ اگلے چوبیس گھنٹوں بعد کالے کاغذوں پر اتنی ہی مالیت کے نوٹ تیار ہو جائیں گے۔ اس پر میں نے اُسے رقم دے دی ‘ جو بظاہر تو اُس نے سُوٹ کیس میں ڈال دی تھی‘ مگر حقیقت میں ہاتھ کی صفائی سے اپنی جیب میں ڈال لی۔

پھر مجھ سے سُوٹ کیس کی چابی مانگی اور اُسے لاک کر کے مجھے واپس کر دیا اور تاکید کی کہ اسے اگلے چوبیس گھنٹوں سے پہلے نہیں کھولنا۔ نہیں تو کیمیائی عمل میں خرابی واقع ہو جائے گی۔ وہ خود آ کر اسے کھولے گا۔ اتنا کہہ کر وہ چلتا بنا۔ مگر جب اگلے دِن وہ نہ آیا تو میں نے سُوٹ کیس کھول کر دیکھا جہاں کالے کاغذوں کے علاوہ اور کچھ نہ تھا۔ اس پر مجھے احساس ہوا کہ میرے ساتھ دھوکا ہوا ہے۔ جس کی میں نے رپورٹ درج کروا دی۔ ‘‘پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر دیا۔ مقدمے کی اگلی سماعت 9 ستمبر 2018ء کو ہو گی۔ملزم کا ایک ساتھی تاحال مفرور ہے۔