ویں صدی کے چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کرنے کیلئے نوجوانوں کو معیاری تعلیم و تربیت دینا ہوگی‘ڈاکٹر حسن عسکری

پاکستان خوش قسمت ملک ہے جسکی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوان پاکستان کا تابناک مستقبل ہیں‘نگران وزیراعلیٰ پنجاب

جمعرات 16 اگست 2018 16:51

ویں صدی کے چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کرنے کیلئے نوجوانوں کو معیاری ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ 21ویں صدی سائنس اور ٹیکنالوجی کی صدی ہے اور21ویں صدی کے چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کرنے کیلئے نوجوانوں کو معیاری تعلیم و تربیت فراہم کرنا ہوگی اوریہ وقت کا اولین تقاضاہے۔آج ایک بیان میں نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں نوجوانوں کا کردار کلیدی ہوتا ہے اورنوجوانوں کو بااختیار بنائے بغیر ترقی و خوشحالی کے اہداف کا حصول ممکن نہیںاوراس ضمن میںصرف معیاری تعلیم کے ذریعے ہی نوجوانوںکوبااختیاربنایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خوش قسمت ملک ہے جس کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور نوجوان پاکستان کا تابناک مستقبل ہیں، جنہیں معیاری تعلیم، سکل ڈویلپمنٹ اور دیگر فنی علوم سے آراستہ کرکے اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو با اختیاربنانا ان کا حق ہے اور ہر حکومت کا فرض ہے کہ نوجوانوں کو ان کے حقوق فراہم کرنے اور بااختیار بنانے کیلئے وسائل فراہم کرے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے سکل ڈویلپمنٹ کے شعبے میںبے پناہ گنجائش موجود ہے، لہٰذاسکل ڈویلپمنٹ کے سیکٹر میں نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ کھپت کیلئے انفرادیت اورجدت کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا اور اس ضمن میں نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ نوجوان حقیقی معنوں میں عملی میدان میں آگے بڑھیں گے تو ہی ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے عملی طور پر حصہ لیں گے اور میں سمجھتا ہوں کہ نوجوانوں کو مقامی و بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق معیاری تعلیم دے کر اورہنر سکھا کر ان کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جانا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان انتہائی باصلاحیت، ذہین اور بھرپور اہلیت رکھتے ہیںاور پاکستانی نوجوانوں نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنی خداداد صلاحیتوںسے ملک کا نام روشن کیا ہے اور قوم کو اپنے باصلاحیت نوجوانوں سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں، تاہم ان ہیروں کو تراشنے کیلئے ہر سطح پر پروگرامز شروع کرنے چاہئیں کیونکہ نوجوانوں کوبااختیاربنانے کیلئے وسائل اورمواقع فراہم کرنا حکومت کیساتھ نجی شعبہ کی بھی ذمہ داری ہے۔

نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ نوجوانوں کو اپنے محفوظ مستقبل کیلئے مارکیٹ کی ترجیحات سے مطابقت پیدا کر نی چاہیئے اور ان کے مسائل کا بروقت ادراک کرتے ہوئے منفرد سکیمیں متعارف کرائی جانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان بیرون ملک مختلف شعبوں میں اپنی فنی مہارت کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور مختلف شعبوں میں ان کی خدمات کا اعتراف عالمی سطح پر بھی کیا جا رہا ہے، تاہم نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کیلئے مفید پروگرامز تشکیل دیئے جائیں خصوصاً تعلیم کے شعبہ میں کوالٹی کو مدنظر رکھا جائے ۔