یوم آزادی کے موقع پر تحریک آزادی اور قیام پاکستان کے لئے آبا واجداد کی قربانیوں کو اجاگرکرنے کی وفاقی وزارت اطلاعات، نشریات وقومی ورثہ کی سوشل میڈیا مہم کی بھرپور عوامی پذیرائی،24 گھنٹوں میں ایک کروڑ صارفین تک رسائی،

صارفین کی پوسٹوں کی تعداد ایک لاکھ سے متجاوز تحریک آزادی پاکستان کی تاریخی نوعیت کی نادر اور معلوماتی وڈیوز، تصاویر، ملی نغمے ، قومی ہیروز کو خراج تحسین، مختلف شعبوں میں پاکستان کی تابناک پیش رفت، قدرتی مناظر اورترقی کی عکاسی پرمبنی پوسٹیں شامل وزارت کے اداروں پی ٹی وی، ریڈیوپاکستان، پی آئی ڈی ، پی این سی اے، لوک ورثہ اوراے پی پی نے معاونت فراہم کی

جمعرات 16 اگست 2018 17:41

یوم آزادی کے موقع پر تحریک آزادی اور قیام پاکستان کے لئے آبا واجداد ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) یوم آزادی پاکستان کے موقع پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس (سوشل میڈیا) پر وفاقی وزارت اطلاعات، نشریات وقومی ورثہ کی جانب سے تحریک آزادی اورقیام پاکستان کی جدوجہد میں ہمارے آبا واجداد کی قربانیوں کو اجاگرکرنے کے حوالے سے مہم کو بھرپورعوامی پذیرائی ملی ہے اور24 گھنٹوں میں ایک کروڑ سے زائد صارفین تک رسائی حاصل ہوئی ہے۔

یہ مہم یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کی تقریبات کا ایک حصہ تھی اور سوشل میڈیا اکائونٹس کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق مہم میں صارفین کے مصروف رہنے (انگیجمنٹ )کی تعداد 5 لاکھ سے زائد تھی۔ شرکت کرنے والی31 ہزار صارفین کی پوسٹوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ریکارڈ کی گئی۔اس مہم کا مقصد آزادی کی قدرومنزلت ، تحریک آزادی کے ممتاز رہنماوں کی خدمات اورتحریک آزادی پاکستان کے دوران دی جانے والی قربانیوں سے سے عوام کو روشناس کرانا اوران میں ملی جوش وجذبہ کو فروغ دینا تھا۔

(جاری ہے)

مہم کے دوران بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اورتحریک آزادی پاکستان کی تاریخی نوعیت کی نادر وڈیوز اورتصاویر، دلفریب اورمعلوماتی وڈیوز اورملی نغمے ، قومی ہیروز کو خراج تحسین اورمختلف شعبوں میں پاکستان کی تابناک پیش رفت،قدرتی مناظر اورترقی کی عکاسی پرمبنی پوسٹیں شامل تھیں۔اس مہم کی قیادت وزارت کے سائبرونگ نے کی اوراس میں وزارت اطلاعات، نشریات وقومی ورثہ کے تمام اداروں بشمول پاکستان ٹیلی ویژن، پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن(ریڈیوپاکستان)، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ ، پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس ، لوک ورثہ اورایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان نے معاونت فراہم کی۔