نگران وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان روشن خورشید بروچہ کے اعزاز میں جموں و کشمیر کونسل سیکرٹریٹ کی الوداعی تقریب

سیکرٹری امور کشمیر نے نگران وزیر کو شال اور شیلڈ پیش کی

جمعرات 16 اگست 2018 17:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) نگران وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان روشن خورشید بروچہ کے اعزاز میں الوداعی تقریب جمعرات کو جموں و کشمیر کونسل سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد کی گئی۔ الوداعی تقریب میں وفاقی سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان محمد ایوب شیخ، ایڈیشنل سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان شفقت الرحمن رانجھا کے علاوہ وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر کونسل، گلگت بلتستان کونسل اور جموں و کشمیر اسٹیٹ پراپرٹی کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر وفاقی سیکرٹری نے نگران وفاقی وزیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس مختصر عرصے میں نگران وفاقی وزیر نے اپنے مینڈیٹ کے مطابق وزارت کے امور کو سر انجام دینے کے لئے خلوص نیت اور محنت سے کام کیا جس کو وزارت اور ملحقہ محکموں کے افسران ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی سیکرٹری نے اپنی وزارت اور افسران کی جانب سے نگران وفاقی وزیر سے مستقبل کے لئے نیک تمنائوں کا بھی اظہار کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روشن خورشید بروچہ نے کہا کہ اس قلیل عرصے میں انہوں نے اپنے مینڈیٹ کے مطابق وزارت کی کارکردگی کو بہر کرنے کی کوشش کی جس میں انہیں وزارت اور متعلقہ محکموں کے افسران کا بھرپور تعاون پیش رہا جس پر وہ تمام افراد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران قائداعظم کے فرمودات کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور محنت سے سر انجام دیں تاکہ عوام کو اس کے ثمرات مل سکیں۔ آخر میں سیکرٹری امور کشمیر نے نگران وزیر کو وزارت کی جانب سے شال اور شیلڈ پیش کی جس پر وفاقی وزیر نے سیکرٹری صاحب اور تمام افسران کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :