مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ حملے میں 4بھارتی فوجی زخمی

پلوامہ میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران مظاہرے اور جھڑپیں

جمعرات 16 اگست 2018 17:42

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں ایک حملے میں بھارتی فوج کے چار اہلکار زخمی ہو گئے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں پر ضلع کے علاقے نوگام میں اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ محاصرے اور تلاشی کی کارروائی میں مصروف تھے۔ زخمی اہلکاروں کو کپواڑہ کے ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا۔ حملے کے بعد قابض فوج نے مزید کمک منگواکر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی تیز کر دی ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا بھارتی فورسز نے ضلع راجوری کے علاقے جہانگر میں تلاشی کی ایک بڑی کارروائی شروع کر دی ہے۔ ادھر ضلع پلوامہ کے علاقے دربگام میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے تلاشی اور محاصر ے کی کارروائی کے بعد زبردست احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے۔ فوجیوںکی کارروائی کے فورابعد لوگوںنے سڑکوں پر نکل کر زبردست مظاہرے کئے۔ فوجیوںنے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے بعد جھڑپیں شروع ہو گئیں۔درین اثناء بھارتی پولیس نے سرینگر میں اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرنے والے متعدد کنٹریکچول ملازمین کو گرفتار کرلیا۔