کراچی ،ڈولمین مال نے جشن آزادی کی خوشیاں دوبالا کردیں

جمعرات 16 اگست 2018 18:10

کراچی ،ڈولمین مال نے جشن آزادی کی خوشیاں دوبالا کردیں
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) ڈولمین مال نے جشن آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کردیا ہے، جشن آزادی کے موقع پر پانچ روز ہ تقریبات کا انعقاد کراچی میں واقع تینوں ڈولمین مالز کلفٹن، طارق روڈ اور حیدری میں کیا گیا، اس موقع پر مالز کو سفید اور سبز برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا جبکہ اکہترہویں سالگرہ کے موقع پرفن پاروں کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جسے شرکاء کی جانب سے کافی پذیرائی بھی حاصل رہی۔

اس موقع پر مالز میں پرانے یادگاری ساز و سامان کو بھی انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا تھا جس میں پرانے ریڈیوز، ٹیلی ویژن، گریمو فونز، گاڑیاں اور فوٹو بوتھ وغیر شامل تھے، جو مالز میں آنے والوںکی توجہ کا مرکز بن کر انہیں آزادی کے دور کی یاددلارہے تھے۔

(جاری ہے)

جشن آزادی سے متعلق پانچ روز پر محیط تقریبات کا آغاز ڈولمین مال کلفٹن میںدی سیٹیزنز فاونڈیشن کے بچوں کی جانب سے انسانوں سے بنائے گئے پاکستانی پرچم اور طارق روڈ پر مرکز امید بنانے کی دلکش تقریب سے کیا گیا، اس موقع پرورلڈ وائلڈ لائف فیڈریشن کی جانب سے مال میں ری سائیکلنگ مہم "بیٹ پلاسٹک پلوشن"اور شجر کاری مہم "رنگ دو"کا اہتمام کیا گیا ۔

اس موقع پر شنیر اکرم کی "ہوگا صاف پاکستان"مہم کے تحت خالی پلاسٹک بوتلوں کو ری سائیکلنگ بن میں ڈالنے کی دلچسپ مہم کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں عائشہ عمر، حریم فاروق، ژالے سرحدی، مومل شیخ اور یمشا گل اور اینکر سدرہ اقبال سمیت عبد اللہ مظفر نے ان کا ہاتھ بٹاتے ہوئے اس مہم میں ان کی حمایت کی۔جشن آزادی کے روز کشمیر بینڈ کے ساتھ ساوتھ ایشیا کے بہترین پرفارمنس دینے والے آصف سنان اور احسن باری نے اپنی لائیوپرفارمنس سے ایسا سماں باندھا کہ مال کی فضا میں آزادی کے جشن کی خوشبو ہر سو پھیل گئی اور جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہوکر سبھی شرکاء پاکستان زندہ بادکے گن گانے لگے۔

اس موقع جوہن پرمل، نگہت مصباح، انصاربرنی اور جاوید میانداد سمیت دیگر معروف افراد نے پرچم کشائی کی اور انہیںپاکستان کے لیے ان کی خدمات پر لائف اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازہ گیاپر چم کشائی کے اس حسین موقع پر ہونے والی پریڈ نے تمام ہی شرکاء میں جذبہ حب الوطنی کی ایک نئی روح پھونک دی ۔ان تما م سرگرمیوں میں شرکاء کے لیے سب سے زیادہ توجہ کا مرکز بلیورڈ چوک رہا جہاں شرکا پٹو گرم، لوڈو اور کیرم سمیت دیگر روائتی کھیلوں سے لطف اندوز ہوتے رہے ا س موقع پر ڈولمین مال کی جانب سے 1947تحائف اور پرائزز اور 71گفٹ ہیمپرز سمیت 14گرینڈ پرائززبذریعہ لکی ڈرا کابھی اہتما م کیا گیا جس سے شرکاء نے بھرپور استفادہ حاصل کیا ۔

اس موقع پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ڈولمین مال کی گروپ ڈائریکٹر انعم ندیم کا کہنا تھا کہ ڈولمین مال اپنے صارفین کے لیے کسی بھی موقع پر اس طرح کی تقریبات کاانعقاد کرتا ہے، جشن آزادی کے پرمسرت موقع پر اس کا سہرا ڈولمین مال کو جاتا ہے کہ ایسے بہترین پروگرامز ترتیب دیئے جس نے قوم کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا ہوکر خوشی منانے کا موقع فراہم کیا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان کے زندہ دل عوام آئندہ بھی ایسے آزادی کا جشن ہمارے ساتھ مل کر منائیں گے۔