ْپیپلزپارٹی نے کراچی کو بھتہ خوری اور بوری بند لاشوں سے نجات دلائی ہے ،سید ناصر حسین شاہ

چائنا کٹنگ اور پبلک گرانڈ اور پارکوں سے قبضوں کو ختم کراناگناہ ہے تو ہم آئندہ بھی یہ گناہ کرتے رہیں گے،رہنما پیپلزپارٹی کا ایوان میں خطاب

جمعرات 16 اگست 2018 18:36

ْپیپلزپارٹی نے کراچی کو بھتہ خوری اور بوری بند لاشوں سے نجات دلائی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) سابق صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ و رکن سندھ اسمبلی سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اگر سید مراد علی شاہ اور پیپلزپارٹی نے کراچی سے بھتہ خوری، بوری بند لاشوں کی سیاست، قربانی کی کھالوں کی جبری لوٹ مار، چائنا کٹنگ اور پبلک گرانڈ اور پارکوں سے قبضوں کو ختم کرانے کا گناہ کیا ہے تو ہم آئندہ بھی یہ گناہ کرتے رہیں گے۔

اب اس ایوان اور سندھ میں کوئی انکل یا یوٹرن خان نہیں چلے گا، صرف اور صرف تیر چلے گا۔ صوبے میں غلط کام کرنے والوں کو پہلے بھی روکا تھا اور آئندہ بھی روکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سندھ اسمبلی میں وزیر اعلی سندھ کے انتخاب کے بعد اپوزیشن کے مختلف ارکان کے خطاب کے بعد اپنے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آج ہماری حکومت اور نو منتخب وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے خلاف باتیں کرنے والے وہی لوگ ہیں جنہوں نے ماضی میں اس صوبے اور بالخصوص شہر کراچی اور یہاں کے عوام کو یرغمال بنا رکھا ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں اس شہر میں بھتہ خوری، بوری بند لاشوں کی سیاست، قربانی کی کھالوں کو لوٹنے، عوامی اور سرکاری زمینوں پر قبضے اور پارکس اور پلے گرانڈز پر اپنی جماعتوں کے دفاتر بنا کر ان پر قبضے کرنے والوں سے چھٹکارا پیپلز پارٹی اور اس وقت کے بھی وزیر اعلی جو پیپلز پارٹی سے ہی تھے جن میں سید قائم علی شاہ اور سید مراد علی شاہ دونوں شامل ہیں انہوں نے ہی ان سے کھٹکارا دلایا۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ گذشتہ دور میں ہمارے وزرا اعلی نے ہی ان کے خلاف ایکشن لیا اور کارروائیاں کی، جس کی بدولت اس شہر کے یرغمال عوام کو نجات مل سکی۔ سیدناصر حسین شاہ نے کہا کہ اگر آج کوئی اسے ہمارہ گناہ قرار دے رہا ہے تو ہم تسلیم کرتے ہیں کہ ہاں ہم نے یہ گناہ کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب اس ایوان اور صوبے میں کسی قسم کا انکل یا یوٹرن خان نہیں چلے گا، بس تیر چلے گا تیر چلے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج منتخب ہونے والے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے گذشتہ 22 ماہ کے دوران ریکارڈ ترقیاتی کام کروائیں ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ اسی رفتار سے جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے منشور اور اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات کی روشنی میں شہر کراچی اور اس صوبے میں مزید ترقیاتی کاموں کے جھال بچھا رہی ہے اور انشا اللہ اس کے مثبت اثرات جلد اس شہر اور صوبے کے عوام کا نظر آنا شروع ہوجائیں گے۔ انہوں نے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو ایک بار پھر وزیر اعلی کے منصب پر منتخب ہونے پر مبارکباد بھی پیش کی۔