کایا دی بینڈ کا نیا سنگل ہٹ گانا ’تیرا دیس‘ ریلیز کردیا گیا

جمعرات 16 اگست 2018 18:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) ای ایم آئی پاکستان نے جشن آزادی کے موقع پر کایا دی بینڈ کے محب وطن گیت کی ویڈیو ریلیز کی جس کا نام تیرا دیس ہے۔ تیرا دیس کو پاکستان کی 71ویں جشن آزادی کے پرمسرت موقع پر ریلیز کیا گیا۔ گیت میں اُن پاکستانیوں کے جذبات کی ترجمانی کی گئی ہے جو بیرون ملک مقیم ہیں۔کایا دی بینڈ نے رواں سال کے اوائل میں اپنی میوزیکل البم رانوا ریلیز کی تھی۔

بینڈ موسیقارعمادرحمان، رسل اوون ڈیسوزا اور افشین حیات پر مشتمل ہے ۔ میوزیکل گروپ روحانی ، راک ، پوپ ، زمینی اور عالمی موسیقی کا حسین امتزاج ہے جس میں متفرق پس منظر کے تجربہ کار موسیقار ایک نئی جہت کی موسیقی ترتیب دینے کے لئے جمع ہوئے ہیں۔ تیرا دیس کی ہدایت کاری عماد رحمان اور ذیشان حیات نے انجام دی ہے۔

(جاری ہے)

ویڈیو کے کچھ حصوں کی عکس بندی بیرون ملک میں کی گئی ہے۔

ٹریک کی کمپوزنگ اور پروڈکشن عماد نے کی ہے۔ریلیز کے موقع پر بات کرتے ہوئے عماد رحمان نے کہا-’ ہم تیرا دیس کی ویڈیو ریلیز ہونے پر بہت پرجوش ہیں ، یہ بہت خوبصورت ٹریک ہے جو ہم نے بہت محنت سے تیار کیا ہے ، اس میں وطن کی محبت جیسے نفیس جذبے کی بہتر طریقے سے ترجمانی کی گئی ہے خصوصاً اُن لوگوں کی جو بیرون ملک مقیم ہیں ۔ہم بہت پرامید ہیں کہ یہ ٹریک سُننے والوں کو بہت پسند آئے گا۔

ویڈیو کو ای ایم آئی پاکستان نے ریلیز کیا ہے ۔ ریلیز پر بات کرتے ہوئے ای ایم آئی پاکستان کے چیف آپریٹنگ آفیسر ذیشان چودھری نے کہا کہ ای ایم آئی پاکستان ایک عرصے سے کایا کے ساتھ کام کررہی ہے۔ ہم نے پہلے کایا دی بینڈ کی ایک البم ریلیز کی تھی اور اب یہ بہترین سنگل گیت پیش کرنے جارہے ہیں۔تیرا دیس بہت اچھا گانا ہے جس کو ملک کی 71ویں جشن آزادی کے موقع پر ریلیز کیا جارہا ہے ۔ ہمیں امید ہے کہ سننے والوں کو یہ گانا بہت پسند آئے گا اور ہم مستقبل میں بھی ایسے ہی منفرد گانے ریلیز کرتے رہیں گے۔گانے کی ویڈیو ای ایم آئی پاکستان کے تمام پلیٹ فارم پر موجود ہے ۔

متعلقہ عنوان :