سرکاری آفیسران کیلئے پیشہ وارانہ تربیت ان کے کام میں نکھار لانے کیلئے ضروری ہے ،شاہ غلام قادر

پاکستان کے دفاع کے لیے آزادکشمیر کا ہر شعبہ میں مضبوط ہونا لازمی ہے، کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ آفیسران وملازمین کو ٹریننگ کے فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،سپیکر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر

جمعرات 16 اگست 2018 19:09

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ سرکاری آفیسران کے لیے پیشہ وارانہ تربیت ان کے کام میں نکھار لانے کے لیے ضروری ہے کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ آفیسران وملازمین کو ٹریننگ کے فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اسمبلی سیکرٹریٹ کے ملازمین اور آفیسروں کی اگلے گریڈ میں ترقی کو پیشہ وارانہ تربیت کرنے سے مشروط کر دیا ہے۔

پاکستان کے دفاع کے لیے آزادکشمیر کا ہر شعبہ میں مضبوط ہونا لازمی ہے۔ وہ جمعرات کے روز یہاں کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ میں تیسرے پروفیشنل ڈویلپمنٹ کورس کے شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا کہ ریفرشر کورسز اور ٹریننگزانتظامی خدمات مزید بہتر بنانے کے لیے ضروری ہیں۔

ٹریننگ کرنے والے آفیسران یہاں سے حاصل ہونے والی مہارتوں کو عوام کو بروقت سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کے حل میں استعمال کریں انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں تسا ہل پسندی بڑھ گئی ہے جس کے نتیجہ میں ادارے فرائض کی انجام دہی میں پوری طرح کامیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا من حیثیت القوم ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم اپنے ادارو ں کو مزید فعال اور مضبوط بنانے پر توجہ دیں ،انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر ایک حساس خطہ ہے۔

جہاں پر سرکاری مشنری کی فعالیت بہت اہمیت کی حامل ہے انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی موجودہ حکومت آزادکشمیر کو ہر شعبہ زندگی میں ترقی کی شاہراہ پر گامزن کر رہی ہے۔ انہوں نے کورس مکمل کرنے والے مختلف محکموں کے آفیسران میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ برگیڈیئر ا ریٹائرڈختر حسین نے کہا کہ یہ بڑا اہم کورس تھا اس کورس کی تکمیل کے بعد آفیسران کو اپنے اپنے محکمہ کی کارکردگی بڑھانے اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کورس مکمل کرنے والے آفیسران کو مبارکباد بھی دی۔ تقریب کے آخر میں شرکائ کورس نے مہمان خصوصی کے ساتھ گروپ تصویر بھی بنوائی۔