پلاننگ کے عمل کے لیے بنیادی ڈیٹا کا حصول ناگزیر ہے،ناصر حسین ڈار

بچوں کی پیدائش، اموات اور دیگر بنیادی ڈیٹا کو ایک کمپیوٹر ائزڈ ڈیٹا بیس میں اکھٹا کر نے کے لیے محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی اقدامات کرے ،حکومت بھرپور سپورٹ کرے گی،وزیر بحالیات و ٹرانسپور

جمعرات 16 اگست 2018 19:09

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر بحالیا ت و ٹرانسپورٹ ناصر حسین ڈار نے کہا ہے کہ پلاننگ کے عمل کے لیے بنیادی ڈیٹا کا حصول ناگزیر ہے۔ بچوں کی پیدائش، اموات اور دیگر بنیادی ڈیٹا کو ایک کمپیوٹر ائزڈ ڈیٹا بیس میں اکھٹا کر نے کے لیے محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی اقدامات کرے ،حکومت بھرپور سپورٹ کرے گی۔

تمام محکمہ جات مل کر بنیادی ڈیٹا کے حصول اور اس کی ترتیب کے لیے کام کریں ۔ سول ڈیٹا رجسٹریشن کے لیے یونیسف ،وزارت پلاننگ ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارمز کی کاوشیں لائق تحسین ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی ،یونیسف اور وزارت پلاننگ ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارمز حکومت پاکستان کے زیر اہتمام --’’سول رجسٹریشن اور اہم اعداد وشمار ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سیمینار سے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی منصور دقادر ڈار نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ سیمینار میں چیف چائلڈ پروٹیکشن یونیسف مس سلوا پاستی ، ٹیکنیکل ایڈوائزر ،وزارت پلاننگ ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارمز ڈاکٹر مرسلین،ڈائریکٹر سی آر ایم ایس نادرا اسلام آباد میجر آفتاب ملک ، چائلڈ پروٹیکشن سپیشلسٹ یونیسف مقدسہ مہرین اور ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ پنجاب ثفلین حیدر نے شرکاء کو تعارفی لیکچر دیے اور سول ڈیٹا رجسٹریشن اور اہم اعدادو شمار کی اہمیت سے آگاہ کیا جبکہ سیمینار میں مختلف محکمہ جات کے آفیسرا ن نے شرکت کی ۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بحالیات و ٹرانسپورٹ ناصر حسین ڈار نے کہا کہ کسی بھی ریاست کے پلاننگ کے عمل کیلئے بنیادی اعداد و شمار کا حصول ضروری ہوتا ہے جب ہمارے پاس بنیادی اعداد و شمار موجود نہیں ہونگے تو ہم کسی بھی شعبہ میں بہتر منصوبہ بندی نہیں کر سکتے ۔ انہوں نے کہاکہ اہم نوعیت کے اعداد و شمارکے حصول کیلئے محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے ۔

میں یقین دلاتا ہو ں کہ حکومت ان کے ساتھ بھرپور تعاون کریگی ۔ انہوں نے کہا وزارت پلاننگ ، ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارمز حکومت پاکستان اور یونیسف اس شعبہ میں بہترین کا م کررہے ہیں ۔ ہم ان سے توقع کرتے ہیں کہ وہ اس سلسلہ میں آزادکشمیر حکومت کو بھی بھرپور معاونت فراہم کریگی ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی منصورقادر ڈار نے کہا کہ سول رجسٹریشن اور اعداد وشمار کے حصول کے لیے محکمہ لوکل گورنمنٹ کی 29ملین روپے کی لاگت سے ترقیاتی سکیم منظور ہو چکی ہے۔

اس سلسلہ میں نادرا کے ساتھ ایگریمنٹ بھی حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے جس کے بعد اس منصوبہ پر کام شروع ہو جائیگا۔انہوں نے کہاکہ اس منصوبے کے تحت آزادکشمیر میں پیدائش اموات ، شادیوں ، طلاق اور دیگر بنیادی ڈیٹا کا حصو ل ممکن ہو سکے گا اور اس کو کمپیوٹرائزڈ کرکے نادرا کے ساتھ منسلک کرینگے ۔ انہوں نے کہاکہ دیگر محکمہ جات صحت عامہ ، تعلیم ، مذہبی امور اور اوقاف بھی اس پراجیکٹ میں ساتھ شامل کیا جائیگا تاکہ ڈیٹا کا حصول ممکن ہو سکے ۔ انہوں نے کہاکہ یونیسیف اس سلسلہ میں بھرپور معاونت کررہا ہے ۔ جلد یونیسیف کے ہیڈ کوارٹر جاکر ان کے ساتھ میٹنگ کرینگے اور ان سے رہنمائی حاصل کرینگے تاکہ اس منصوبہ کو بہتر انداز میں چلایا جا سکے ۔