Live Updates

اپوزیشن اتحاد میں وزیراعظم امیدوارکی نامزدگی پردراڑ

پیپلزپارٹی کا شہبازشریف کی حمایت نہ کرنےکا فیصلہ، شہبازشریف کوووٹ نہ دینےکا فیصلہ بلاول بھٹواورآصف زرداری کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا۔ ذرائع پیپلزپارٹی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 16 اگست 2018 18:50

اپوزیشن اتحاد میں وزیراعظم امیدوارکی نامزدگی پردراڑ
کراچی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 اگست 2018ء) : اپوزیشن اتحادپیپلزپارٹی اور ن لیگ میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار کی نامزدگی پردراڑ پڑ گئی، پیپلزپارٹی نے وزارت عظمیٰ کیلئے شہبازشریف کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا، شہبازشریف کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی زیرصدارت اجلاس میں ہوا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پیپلزپارٹی نے وزیراعظم کے انتخاب پراپنی اتحادی جماعت ن لیگ سے راہیں جدا کرلی ہیں۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف زرداری کی زیرصدارت پارٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں وزارت عظمیٰ کا ووٹ دینے سے متعلق مشاورت کی گئی۔اجلاس میں پرویز اشرف ، یوسف رضا گیلانی اور خورشید شاہ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ پیپلزپارٹی نے ن لیگی صدر شہبازشریف کوبطور وزیراعظم امیدوار قبول نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کوپیپلزپارٹی کے تحفظات کا احترام کرتے ہوئے وزیراعظم کے انتخاب کیلئے اپنا امیدوار بدل لینا چاہیے تھا۔تاہم ن لیگ نے اپنا امیدوار نہیں بدلا۔ جس پرپیپلزپارٹی نے فیصلہ کیا کہ وزارت عظمیٰ کیلئے ووٹ کاسٹ نہیں کیا جائے گا۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے مقابلے میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار شہبازشریف کی حمایت نہیں کی جائے گی۔

سیاسی ماہرین کے مطابق پیپلزپارٹی اپنی اپوزیشن اتحادی جماعت کے امیدوار کی سپورٹ نہ کرکے دراصل حکومتی امیدوار عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرے گی۔ پیپلزپارٹی کی اپوزیشن کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کی حمایت نہ کرنے کا مطلب تحریک انصاف کے امیدوارعمران خان کی حمایت کے مترادف ہوگا۔اس سے قبل پیپلزپارٹی کے تحفظات پر ن لیگ کے رہنماء رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی بطور جماعت صوابدید ہے کہ وہ کس کووزارت عظمیٰ کیلئے امیدوار نامزد کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے بطور اپوزیشن اتحادی اپنا مئوقف بدل لیا ہے۔ان کو بتانا چاہیے کہ جب پیپلزپارٹی نے خورشید شاہ کو اسپیکر کا امیدوار کا نامزد کیا توہم نے کوئی اعتراض نہیں کیا تھا۔اپوزیشن جماعتوں نے مسلم لیگ ن کواکثریتی جماعت کے طور پریہ حق دیا ہے کہ کسی بھی رکن کووزیراعظم نامزد کرسکتے ہیں تاہم اب یہ مسلم لیگ ن کی صوابدید پر منحصر ہے کہ وہ کس کووزارت عظمیٰ کیلئے نامزد کرتے ہیں تاہم مسلم لیگ نے پارٹی صدر شہبازشریف کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا ہے۔

تاہم اب ان کواعتراض نہیں ہونا چاہیے۔رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی مجبوریوں کو سمجھ سکتے ہیں،آصف زرداری کی کچھ مجبوریاں ہیں،اگر آصف زرداری کچھ رعایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں توہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات