پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے نام پر اختلافات برقرار ، دونوں جماعتیں اپنے اپنے موقف پر قائم

وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار پر (ن) لیگ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا تھا، امیدوار نہ بدلا تو پیپلز پارٹی اپنا فیصلہ کریگی، خورشید شاہ پیپلز پارٹی نے خورشید شاہ کو ہماری مشاورت سے تو نامزد نہیں کیا، کسی جماعت کو حق دیتے ہیں تو یہ نہیں کہتے فلاں کونامزد کریں فلاں کونہیں، رانا ثناء اللہ

جمعرات 16 اگست 2018 22:07

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے نام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے نام پر اختلافات برقرار ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما ء وسابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ کہ پیپلز پارٹی نے (ن) لیگ کو وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار پر اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماء وسابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے (ن) لیگ کو وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار پر اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا تھاکہ (ن) لیگ نے امیدوار نہ بدلا تو پیپلز پارٹی اپنا فیصلہ کرے گی۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے مؤقف بدلاہے اس کا جواب وہ دے سکتے ہیں، پیپلز پارٹی نے خورشید شاہ کو ہماری مشاورت سے تو نامزد نہیں کیا، کسی جماعت کو حق دیتے ہیں تو یہ نہیں کہتے فلاں کونامزد کریں فلاں کونہیں، امیدوار کو نامزد کرنا جماعت کی اپنی صوابدید تھی۔انہوں نے کہا کہ وزارت عظمیٰ کے امیدوار کی نامزدگی مسلم لیگ (ن) کی صوابدید تھی، اعتراض یہ نظر آتا ہے کہ زرداری صاحب کی کچھ مجبوریاں ہیں، آصف زرداری کوئی رعایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں توہمیں اعتراض نہیں ہے۔