عوام کی بے لوث خدمت ہی ہمارا مشن ہے،جان محمد بلوچ

جمعرات 16 اگست 2018 21:25

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ بلدیہ ملیر کی مرکزی و ذیلی سروس روڈ کی تعمیر ہماری اولین ترجیحات ہیں ،شاہراہوں کی ٹوٹ پھوٹ سے عوام جس ذہنی و جسمانی اذیت سے دوچار ہوتے ہیں ہم اس سے اچھی طرح واقف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر عمران اسلم کے ہمراہ یوسی6ماروی گوٹھ میںروڈ کارپیٹنگ کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پریوسی وائس چیئرمین ارشاد شر،سپرنٹنڈنٹ انجینئر نصراللہ میمن، ایکس ای این ایم اینڈ ای اقبال ڈائری، ڈائریکٹر انفارمیشن سلیم خان اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے بیچ رہنے والے عوامی نمائندے ہیں ، شاہراہوں کی تعمیر و درستگی سے عوام کی سفری پریشانیاں ختم ہوجاتی ہیں اسی لئے بلدیہ ملیر کی مرکزی و ذیلی شاہراہوں کی تعمیر و درستگی پر خاص توجہ دے رہے ہیں ، بلدیہ ملیر میں جامع ماسٹر پلان کے تحت تمام تر ترقیاتی کام جاری ہیں پاکستان پیپلز پارٹی ایک عوامی جماعت ہے جو غریب اور متوسط طبقے کو درپیش مسائل کا ادراک اور انہیں حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیر قیادت عوامی خدمت کے وژن پر کار بند ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کراچی سمیت سندھ بھر میں مزیدترقیاتی وتعمیراتی منصوبوںکیلئے پلان مرتب کر رہی ہے جبکہ مقامی سطح پر بلدیاتی نمائندگان بھی عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں عوام کی بے لوث خدمت ہی ہمارا مشن ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے موقع پرموجود افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کے روڈ کے تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والے میٹریل کی کوالٹی ،لیول اور تھکنس کا خاص خیال رکھا جائے بلدیہ ملیر کی تمام یوسیز میں جہاں روڈ خراب ہیں ان کی درستگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ تمام یوسیز میں ترقیاتی کاموں کا تسلسل برقرار ہے۔