Live Updates

نامزد گورنر خیبرپختوںخواہ شاہ فرمان نے گورنر ہاوس استعمال نہ کرنے کا اعلان کردیا

تحریک انصاف کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر کو عمران خان نے جمعرات کے روز گورنر بنانے کی منظوری دی

muhammad ali محمد علی جمعرات 16 اگست 2018 19:27

نامزد گورنر خیبرپختوںخواہ شاہ فرمان نے گورنر ہاوس استعمال نہ کرنے ..
پشاور (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-16اگست 2018ء) نامزد گورنر خیبرپختوںخواہ شاہ فرمان نے گورنر ہاوس استعمال نہ کرنے کا اعلان کردیا، تحریک انصاف کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر کو عمران خان نے جمعرات کے روز گورنر بنانے کی منظوری دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اس وقت اکثریتی پارٹی کے طور پر سامنے آئی ہے۔اکثریتی پوزیشن کے بعد تحریک انصاف اپنے اتحادیوں کے ساتھ جوڑ توڑ کے بعد حکومت سازی کے عمل کو منطقی انجام تک پہنچا رہی ہے۔

حکومت سازی کا عمل آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔وفاق میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ چاروں صوبوں میں بھی وفاق کے نمائندوں کی تبدیلی کے لیے حتمی فیصلے کئیے جارہے ہیں۔مسلم لیگ ن کے تعینات کردہ گورنروں کے استعفوں کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے چاروں صوبوں کے گورنروں کے ناموں پر غور جاری ہے جن میں سے اب تک پنجاب اور سندھ کے گورنروں کے ناموں کا اعلان ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب میں گورنر کا عہدہ چوہدری سرور کے سپرد کیا جارہا ہے جو پہلے بھی لیگی دور حکومت میں گورنر رہ چکے ہیں جبکہ سندھ میں عمران اسماعیل کو گورنر نامزد کیا گیاہے۔تازہ ترین اطلاعات یہ ہیں کہ خیبر پختونخواہ کے گورنر کے حوالے سے بھی حتمی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔تحریک انصاف نے گورنر خیبرپختونخواہ کے حوالے سے نام کا فیصلہ کرلیا ہے۔عمران خان نے شاہ فرمان کو گورنر خیبر پختونخواہ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

پارٹی اجلاس میں شاہ فرمان کے نام کی بطور گورنر منظوری دے دی گئی۔ عمران خان کی جانب سے گورنر نامزد کیے جانے کے بعد شاہ فرمان نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کی۔ اس دوران شاہ فرمان نے گورنر نامزد کیے جانے پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ شاہ فرمان نے اس دوران یہ اعلان بھی کیا کہ وہ گورنر ہاوس استعمال نہیں کریں گے۔ ان کا دفتر گورنر ہاوس کی بجائے کسی عام جگہ پر قائم کیا جائے گا۔ شاہ فرمان نے اپنے پارٹی سربراہ عمران خان کے وعدے کے مطابق گورنر ہاوس استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات