سرگودھا،مصلحت نے فوڈ کنٹرول اتھارٹی کو محدود کر کے رکھ دیا

ہوٹلوں پر مضر صحت اور غیر معیاری مصالحوں آئل اور گوشت کی فروخت کا دھندا عروج پر

جمعرات 16 اگست 2018 22:08

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2018ء) متعلقہ حکام کی چشم پوشی اور مصلحت نے سرگودھا میں فوڈ کنٹرول اتھارٹی کو محدود کر کے رکھ دیاجس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہوٹلوں پر مضر صحت اور غیر معیاری مصالحوں آئل اور گوشت کی فروخت کا دھندا عروج پکڑ گیا ہے، جس سے شہری ہوٹلوں پر کھانا کھانے سے مختلف بیماریوں کا شکار ہونا شروع ہو گئے ہیں، ہوٹل مالکان نے حفظان صحت کے اصولوں کو نظر انداز کرتے ہوئے غیر معیاری اور مضر صحت کھانے پکانے شروع کر رکھے ہیں، جبکہ صفائی کا نظام بھی ناقص ہے، بعض ہوٹل مالکان مبینہ طور پر انتہائی لاغر اور نقصان دہ گوشت کا سالن بنا رہے ہیں، اسی طرح قیمہ میں بھی اوجھڑی، انتڑیاں وغیرہ استعمال کی جا رہی ہیں، علاوہ زیں شام گئے آزاد روڈ، نیو اردو بازار، مقام حیات، گولچوک و دیگر مقامات پر ایسے قیمے کے کباب سر عام فروخت ہونا شروع ہو جاتے ہیں، جس کے کھانے سے عوام مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں، شہری حلقوں نے انتظامیہ سے سیاسی دبائو سے آزاد ہو کر انسانی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف آپریشن شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔

متعلقہ عنوان :