Live Updates

امریکی شو میں عمران خان کو ٹرمپ سے تشبیہ دینے پر تنازع شروع ہوگیا،صارفین کا ملے جلے ردعمل کا اظہار

جمعرات 16 اگست 2018 22:32

امریکی شو میں عمران خان کو ٹرمپ سے تشبیہ دینے پر تنازع شروع ہوگیا،صارفین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) امریکی ٹی وی کی جانب سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے تشبیہ دینے پر تنازع شروع ہوگیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی ٹی وی پر ’دا ڈیلی شو‘ کے نام سے میزبان ٹریور نوح نے 5 منٹ کا پروگرام کیا جس میں انہوں نے یہ دکھانے کی کوشش کی کہ عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ میں کافی مماثلت پائی جاتی ہے۔

ٹریور نے دونوں سیاستدانوں سے متعلق بعض پرانے پروگرامز کے مناظر دکھائے جن میں دونوں کو دولتمند، خوش شکل اور خواتین میں مقبول بتایا گیا تھا۔ٹریور نے عمران خان کا بیڈروم دکھا کر مزاحاکہا کہ کیا یہ پاکستانی ٹرمپ ٹاور نہیں ہی ، پھر عمران خان اور ٹرمپ کی ایک ساتھ تصاویر بھی دکھائی گئیں جنہیں ’جڑواں‘ کا عنوان دیا گیا۔

(جاری ہے)

پھر مزید کلپز دکھائے گئے جن میں عمران خان کو حکومت چلانے میں ناتجربہ کار، قوم پرست، عوامیت پسند، تضاد بیان قرار دیا گیا۔

میزبان نے کہا کہ ٹرمپ اور عمران خان دونوں پر ہی جنسی ہراسانی سے متعلق الزام لگے اور دونوں نے ہی تین تین شادیاں کیں۔پروگرام میں یہ بھی دکھایا گیا کہ جس طرح ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد امریکہ میں تشدد میں اضافہ ہوا، اسی طرح پاکستان میں بھی عمران خان کے سپورٹرز اشتعال کے حوالے سے تیز ہیں۔علاوہ ازیں دونوں کی انتخابی مہم کا موازنہ کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا ذاتی جہاز اور عمران خان کا ہیلی کاپٹر بھی دکھایا گیا۔ٹریور نوح کے اس پروگرام پر پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔ پی ٹی آئی کے مخالفین نے پی ٹی آئی چیئرمین پر تنقید کرنا شروع کردی ہے جبکہ پی ٹی آئی کے حامیوں نے اپنے پارٹی چیئرمین کا دفاع کیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات