اسفندیارولی خان کی کابل یونیورسٹی پر خودکش حملے کی مذمت

جمعرات 16 اگست 2018 21:45

اسفندیارولی خان کی کابل یونیورسٹی پر خودکش حملے کی مذمت
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیارولی خان نے کابل میں ہونے والے اس خودکش دہماکے کی پرزورالفاظ میں مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں درجنوں معصوم طلباء وطالبات شہید ہوئے اور ان کی ایک بڑی تعداد زخمی ہوئی۔ اے این پی کے مرکزی سیکرٹریٹ باچا خان مرکز سے جاری کردہ اپنے بیان میں اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ خطے میں دہشت گردی کی نئی لہر نے معصوم طلباء وطالبات کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کے مقاصد سمجھ سے بالاتر ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دیرپا امن کا قیام تبھی ممکن ہے جب افغان سرزمین پر امن قائم رہے اس لئے پاکستان اور افغانستان کی ریاستیں مل کر دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کیلئے تعاون کریں اور یہی تعاون دونوں ممالک میں امن کے قیام میں مدد گار ثابت ہوگی۔

(جاری ہے)

اسفندیارولی خان نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات دنیا کے کسی بھی کونے میں ہوں، لائق مذمت ہیں مگر افغان سرزمین پر کل جو کچھ ہوا اور سوشل میڈیا پر اس کی جو تصاویر دیکھنے کو مل رہی ہیں، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس دہشت گردی کی یہ لہر خطے میں اپنی شکل مزید خوفناک بنائے جارہا ہے جس کیلئے ہر دو ممالک کیلئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اتفاق، یکجہتی اور شدت پسندی کے خلاف ایک آواز ہوکر آگے آنا ہوگا۔