Live Updates

حکومت اور اپوزیشن مل کر قوم کو مسائل سے نجات دلائیں،صاحبزادہ حامد رضا

ملک کسی محاذ آرائی کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا، ن لیگ کی قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اچھی روایت نہیں،چیئرمین سنی اتحادکونسل

جمعرات 16 اگست 2018 22:52

حکومت اور اپوزیشن مل کر قوم کو مسائل سے نجات دلائیں،صاحبزادہ حامد رضا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن مل کر قوم کو مسائل سے نجات دلائیں۔ ایک دوسرے کو معاف کر کے نئے قومی سفر کا آغاز کیا جائے۔ ملک و قوم کو گھمبیر مسائل کا سامنا ہے۔ ملک کسی محاذ آرائی کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ن لیگ کی قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اچھی روایت نہیں۔

پیپلز پارٹی کا پختہ جمہوری طرزعمل قابل ستائش ہے۔ عمران خان وزیراعظم بننے کے بعد سب کو ساتھ لے کر چلنے کا اعلان کرے۔ چوہدری پرویز الٰہی کا سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہونا خوش آئند ہے۔ حکومت اور اپوزیشن مل کر ملکی مسائل کے حل کا نیشنل ایجنڈا تیار کریں۔ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

بلیم گیم اور پوائنٹ سکورنگ کو دفن کرنے کا وقت آ گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ متحدہ اپوزیشن متحد نہیں رہ سکے گی۔ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا اکٹھے چلنا ممکن نہیں۔ گڈ گورننس کے ذریعے ہی تعمیر پاکستان کا خواب پورا ہو سکتا ہے۔ چھوٹے صوبوں سے قومی اسمبلی کا سپیکر اور ڈپٹی سپیکر منتخب ہونا مثبت عمل ہے۔

نئی حکومت بلوچستان کی محرومیاں ختم کرنے پر خصوصی توجہ دے۔ عمران خان وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد خطبہ حجتہ الوداع ہر سرکاری دفتر میں آویزاں کرنے کا حکم جاری کرے۔ پی ٹی آئی کی حکومت کو ن لیگ کی حکومت کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہو گا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ قوم انصاف اور احتساب چاہتی ہے۔ کرپٹ مافیا نئے پاکستان سے خوفزدہ ہے۔ جمہوریت اور احتساب ساتھ ساتھ چلنا چایئے۔ عمران خان قوم کی امیدوں کا مرکز بن چکا ہے۔ وعدے پورے نہ کئے گئے تو شدید عوامی ردعمل سامنے آئے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات