ہم نے ملک کو سرسبزو شاداب بنا کر عوام کو آکسیجن کی فراہمی کیساتھ بیماریوں سے نجات دلانی ہے،

ہمیں بطور ٹیم کام کرناہوگا، ڈپٹی کمشنر جلم محمد جہانزیب اعوان

جمعرات 16 اگست 2018 22:50

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2018ء)ہم نے ملک کو سرسبزو شاداب بنا کر عوام کو آکسیجن کی فراہمی کے ساتھ ساتھ بیماریوں سے نجات دلانی ہے،جس میں ہمیں بحیثیت ایک ٹیم کام کرناہوگا،اگر ہم میں اپنی مدد آپ کے تحت کام کرنے کا جذبہ پیدا ہو تو مجھے یقین ہے کہ ہم اس کام کو مکمل کر لیںگے،ان خیالات کااظہار ڈپٹی کمشنر محمد جہانزیب اعوان نے کانفرنس روم میں پی ٹی سی ،تمام میرج ہالز کے مالکان ،سمال انڈسٹری اسٹیٹ کارپوریشن میں صنعتوں کے مالکان کے علاوہ معززین شہر سے ایک اجلاس میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تمام ضلعی افسران اور محکموں کے افراد موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے جہلم کی جی ٹی رو ڈ کو شجر کاری کر کے اتنا خوبصورت بنانا ہے کہ ہر جگہ پر یہ اچھی مثال بن سکے ۔جس میں آپ لوگوں نے ملکر اپنا کردار ادا کرنا ہے اس میں محکمہ جنگلات کے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ساجد قدوس،ای ایف او سدھیر مغل کے ساتھ ساتھ تمام محکمے آپ کی معاونت اور راہنمائی کے لیے اپنا کردار ادا کریںگے ۔تمام شرکاء نے اس پر خوشی کااظہار کرتے ہوئے عمل درآمد کرنے کا وعدہ کیا انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم شجر کاری کر کے اپنے شہر کو خوبصورت بنائیں جس سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی ختم ہوگی بلکہ لوگوں کو بیماریوں سے نجات بھی ملے گی۔