Live Updates

مل جل کر پاکستان، پنجاب، عوام کی خوشحالی، جان و مال کے تحفظ اور انصاف کیلئے جدوجہد کرینگے : سپیکر چودھری پرویز الٰہی

اللہ تعالیٰ، عمران خان، پی ٹی آئی اور تمام ارکان کا شکر گزار ہوں، ایوان کے تقدس اور ارکان کی عزت، وقار میں اضافہ چاہتا ہوں تمام معزز ارکان سے برابری کا سلوک ہو گا، عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے قانون سازی تیز کریں گے : پنجاب اسمبلی میں خطاب

جمعرات 16 اگست 2018 23:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے ن لیگ کے چودھری اقبال گجر کے 147 کے مقابلہ میں 201 ووٹ لے کر سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہونے کے بعد ایوان میں اپنے پہلے لیکن مدبرانہ خطاب میں کہا کہ انشاء اللہ ہم سب مل جل کر پاکستان، پنجاب، عوام کی خوشحالی، جان و مال کے تحفظ، کرپشن کے خاتمہ اور انصاف کی فراہمی کی منزل کے حصول کیلئے جدوجہد کریں گے۔

دوسری بار سپیکر بننے پر انہوں نے اللہ تعالیٰ، عمران خان، پی ٹی آئی اور تمام ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں ایوان کے تقدس، معزز ارکان کی عزت و وقار میں اضافہ چاہتا ہوں، تمام ارکان سے برابری کا سلوک ہو گا، عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے قانون سازی تیز کریں گے اور یہ ایوان پاکستان کی سالمیت، نظریہ پاکستان کے تحفظ اور ملکی وقار میں اضافہ کرے گا۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میں سب سے پہلے اللہ رب العزت کا جو سب تعریفوں کا لائق ہے بے پناہ شکر ادا کرتا ہوں کہ اس کی رحمت اور فضل و کرم سے میں آج پنجاب کے اس معزز اور منتخب ایوان کا سپیکر منتخب ہوا ہوں، اس کے بعد میں اپنی اتحادی پارٹی کے سربراہ عمران خان اور پی ٹی آئی کا بھی انتہائی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس منصب کیلئے مجھ پر اعتماد کیا گیا ہے میں کوشش کروں گا کہ میں اس کے تقاضوں کو پورا کر سکوں اور اس ایوان میں بیٹھے تمام معزز ارکان کے ساتھ برابری کا سلوک کر سکوں، یہ میرا ایمان ہے کہ یہ جو منصب مجھے عطا کیا گیا ہے یہ صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کی عنایت ہے اس لیے میں اس کرسی پر بیٹھے محسوس کرتا ہوں کہ میں ایوان میں موجود تمام ارکان اسمبلی کو جواب دہ ہوں، میں اپنے کردار سے ثابت کروں گا کہ میں پورے ہاؤس کا کسٹوڈین ہوں اور تمام معزز ارکان پنجاب اسمبلی کے استحقاق کا خیال رکھنا میری اولین ترجیح ہو گی، ہم نے مل جل کر افہام و تفہیم، تدبر اور دور اندیشی کے ساتھ ایوان کو چلانا ہے، اس ملک اور صوبے کی عوام کی خوشحالی کیلئے عظیم تر جدوجہد کرنی ہے تاکہ کسی بھی طبقے میں محرومی نہ رہے۔

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ تحریک انصاف اپنے منشور پر بھرپور عمل کرتے ہوئے ملک اور صوبے کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرے گی اور ہر پاکستانی شہری اس ترقی کے ثمرات سے مستفید ہوتے ہوئے خوشحالی زندگی گزار سکے گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ یہ ایوان پنجاب کا سب سے معزز اور با اختیار ادارہ ہے، یہاں پر کی گئی ایک ایک بات پر عوام کی نظر ہے اس لیے مجھے امید ہے کہ ہم اچھے پارلیمنٹرین کی طرح اسمبلی کی کارروائی احسن طریقے سے چلائیں گے اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے ہونے والی قانون سازی میں بھرپور حصہ لیں گے کیونکہ اچھے پارلیمنٹرین ہی ملک اور قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں تمام معزز ارکان کو یقین دلاتا ہوں کہ رولز آف پروسیجر کے دائرے میں رہتے ہوئے میرا مکمل تعاون آپ کے ساتھ ہو گا اور اس ایوان کو چلانے کیلئے مجھے آپ کے تعاون، مشوروں اور رہنمائی کی بھی ضرورت ہو گی، میں امید کرتا ہوں کہ آپ اپنے نیک مشوروں سے مجھے مستفید فرمائیں گے، میری پہلی ترجیح ہو گی کہ اس ایوان کے تقدس اور وقار کو بحال رکھا جائے اور میں ایوان کے تمام ارکان کے وقار اورعزت میں اضافہ دیکھنا چاہتا ہوں، مجھے اپنے رب العزت سے قوی امید ہے کہ اپنے اپنے منصب سے بہتر طریقے سے سرخرو ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمیں یہ عہد کرنا ہو گا کہ ہماری تمام تر توجہ قوم کے بنیادی مسائل کی طرف ہو گی جس میں ان کے جان و مال کے تحفظ، کرپشن کے خاتمے اور انصاف کے حصول کیلئے موثر اور جامع کردار ادا کریں گے اور اس حوالے سے قانون سازی کے عمل کو بھی تیز کریں گے اور ہم جمہوری روایات میں اہم کردار ادا کریں گے، انشاء اللہ ہمارا یہ ایوان پاکستان کی سالمیت، نظریہ پاکستان کے تحفظ اور پاکستان کے وقار میں اضافے اور احترام کا باعث بنے گا۔

میں آخر میں ایوان میں موجود سب ارکان کا ایک بار پھر شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا، انشاء اللہ میں اپنے فرائض کی بجا آوری میں کوئی کمی نہیں کروں گا اور مل جل کر اپنی منزل کی طرف رواں دواں رہیں گے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ پاکستان زندہ باہ، قائد اعظم پائندہ باد۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات