محکمہ کی خواہش ہے حیدرآباد کی مصنوعات کو پاکستان اور مختلف ممالک میں ہونے والی نمائشوں میں رکھا جائے ، عاشق حسین کھوسو

جمعرات 16 اگست 2018 23:56

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی حیدرآباد ریجن عاشق حسین کھوسو نے کہا ہے کہ اُن کے محکمہ کی خواہش ہے کہ حیدرآباد کی مصنوعات کو پاکستان اور مختلف ممالک میں ہونے والی نمائشوں میں رکھا جائے اور یہاں کی انڈسٹری کو فرو غ دیا جائے۔

(جاری ہے)

وہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجروں اور صنعتکاروں سے گفتگو کر رہے تھے، اجلاس میں ایکسپوٹرز کو حکومت کی طرف سے زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی، یہ بھی طے پایا کہ ٹیڈیپ کی جانب سے ایک واٹس ایپ گروپ ترتیب دیا جائے گا جس میں چیمبر کے عہدیداروں اور اُن ممبران کو شامل کیا جائے گا جو ایکسپورٹ میں دلچسپی رکھتے ہیں تاکہ حکومتی اداروں اور چیمبر کے لوگوں کے درمیان رابطہ کار انجام پا سکے اور معلومات کی فراہمی کا تبادلہ ہوسکے، قبل ازیں حیدرآباد کے ایکسپوٹرز کو ایکسپورٹ میں پیش آنے والی دشواریوں سے صدر چیمبر محمد اکرم انصاری نے بریف کیا اور کہا کہ حیدرآباد کو کوئی بھی سہولتیں میسّر نہیں ہیں تمام تر ایکسپورٹ خود ایکسپورٹرز اپنی مدد آپ کے تحت کر رہے ہیں جبکہ حکومتی اداروں کی جانب سے اس میں بھی مختلف رُکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اِس موقع پر طے پایا کہ چیمبر کی امپورٹ ایکسپورٹ کمیٹی کے کنونیئر رمیز الدین احمد اس سلسلے میں کمیٹی کی ایک میٹنگ کے بعد ایکسپورٹر سے ایک میٹنگ کا بندوبست کریں تاکہ اُن کی مشکلات کو سن کر حکومت کی طرف سے محکمانہ سہولتیں فراہم کرانے کے لیے ٹیڈیپ حکام سے ایک سیمینار کا بندوبست کرایا جاسکے، اِس موقع پر سینئر نائب صدر سکندر علی راجپوت، نائب صدر دولت رام لوہانہ، رمیزالدین احمد، محمد سہیل میمن، عارف میمن، احمد حسین ، سہیل قریشی، وسیم قریشی اور محمد الناصر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :