Live Updates

ہارس ٹریڈنگ کا الزامات لگانے پر تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن سے مشکل مطالبہ کرڈالا

ہم نے خیبرپختونخواہ میں سینیٹ الیکشن کے دوران ہونے والی ہارس ٹریڈنگ پر اپنے اراکین اسمبلی کو نکالا تھا ،اگر مسلم لیگ ن میں جرات ہے تو وہ بھی اپنے لوگوں کو نکالیں،زرتاج گل

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 16 اگست 2018 22:19

ہارس ٹریڈنگ کا الزامات لگانے پر تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن سے مشکل مطالبہ ..
لاہور (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-16 اگست 2018ء) :ہارس ٹریڈنگ کا الزامات لگانے پر تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن سے مشکل مطالبہ کرڈالا۔تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل کا کہنا تھا کہ ہم نے خیبرپختونخواہ میں سینیٹ الیکشن کے دوران ہونے والی ہارس ٹریڈنگ پر اپنے اراکین اسمبلی کو نکالا تھا ،اگر مسلم لیگ ن میں جرات ہے تو وہ بھی اپنے لوگوں کو نکالیں۔تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں آج اسپیکر کا انتخاب کیا گیا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی کے لیے چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری اقبال گجر کے مابین سخت مقابلہ ہوا۔ چودہری پرویز الٰہی 201 ووٹ لے کر اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے جبکہ چوہدری اقبال گجر کو 146 ووٹ ملے۔ پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے 178 ارکان اسمبلی ہیں، جبکہ پاکستان تحریک انصاف کو مسلم لیگ ق کے 10 اور دو آزاد اُمیدواروں کی حمایت بھی حاصل تھی۔

(جاری ہے)

ان ووٹوں کو دیکھا جائے تو چوہدری پرویز الہیٰ کو 190 ووٹ ملنا تھے جبکہ انکو 201 ووٹ ملے۔اس سے معلوم ہوا کہ پرویز الہیٰ کو انکے اراکین کی تعداد سے زیادہ ووٹ ملے جس پر مسلم لیگ ن نے ہارس ٹریڈنگ کے الزامات لگائے اور کہا کہ تحریک انصاف نے اسپیکر کے انتخاب کے لیے ہارس ٹریڈنگ کی ہے۔اس پر جواب دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی زرتاج گل کا کہنا تھا کہ اگر مسلم لیگ ن یہ سمجھتی ہے کہ ہارس ٹریڈنگ ہوئی ہے تو یہ لوگ بھی وہی کام کریں جو ہم نے سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کے الزامات لگنے پر کیا تھا۔

انکا کہنا تھا کہ اگر مسلم لیگ ن میں اخلاقی جرات ہے تو وہ تحقیقات کرے اور اپنے اراکین اسمبلی کو نکال دے جو ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ہیں۔انکا کہنا تھا کہ شیطان وہاں ہی حملہ کرتا ہے جہاں ایمان کمزور ہو اور ہمیں بھی دیکھنا چاہیے کہ ہارس ٹریڈنگ ن لیگ کے ساتھ ہی کیوں ہو رہی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات