71سال گزرنے کے باوجود عوام حقیقی آزادی سے محروم ہیں ،ہدایت الرحمان بلوچ

بلوچستان کے عوام حقیقی آزادی کیلئے جدوجہد کاعزم کریں، آزادی کا دن منانے کے باوجود ملک کو حقیقی آزادی دلانے تک تحریک جاری رکھیں گے، صوبائی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی

جمعہ 17 اگست 2018 00:06

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2018ء) جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ 71سال گزرنے کے باوجود عوام حقیقی آزادی سے محروم ہیں ظالموں ،بدعنوان سرمایہ داروں نے عوام کاسکھ چھین چین لیا ہے انگریز اپنے شاگردچھوڑ کر چلے گئے انگریز کے شاگردوں نے بلوچستان کے عوام کو اندھیروں کی طرف دھکیل دیا ہے بلوچستان کے عوام حقیقی آزادی کیلئے جدوجہد کاعزم کریں آزادی کا دن منانے کے باوجود ملک کو حقیقی آزادی دلانے تک تحریک جاری رکھیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی دفتر میں طلبہ کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگومیں کہی انہوں نے کہا کہ آزادی کے دن کے موقع پر کوئٹہ وگردونواح میں بعض نوجوانوں کی جانب سے طوفان بدتمیزی قابل مذمت ہے اس پر میڈیا اور انتظامیہ کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے آزادی کے دن عوام کو تکلیف پہنچانا بدتمیزی کرنا ،پانی وسپرے ودیگر اشیاء معززشہریوں وخواتین اورمریضوں پر پھینکنا آزادی کے دن کو بدنام کرنے کے سواکچھ نہیں ۔

(جاری ہے)

قیام پاکستان اللہ کے فضل کے بعد بزرگوں کی محنت اور شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔بلوچستان کے بزرگوں اور عوام الناس نے تحریک پاکستان میں اہم کردار ادا کیا آزادی کی قدر کرنے والی قومیں ہی ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہوتی ہے اور دشمن کواخلاقی طور پر شکست سے دوچار کرسکتی ہے پاکستان امت مسلم کی امیدوں کا مرکز اور ہماری پہچان ہے۔

مگر گذشتہ 70سالوں سے برسراقتدار آنے والے مفاد پرست حکمرانوں نے قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کو پسے پشت رکھ کر کے غیروں کی غلامی اور اپنے مفادات کو پورا کیا ہے۔جس کی وجہ سے آج پاکستان مسائلستان بن چکا ہے۔مہنگائی،بیروزگاری،بدامنی،امریکی غلامی اور معاشی بدحالی نے عام آدمی زندگی اجیرن بنا دی ہے اورامریکی مداخلت، ڈروں حملوں ،امریکی مفادات کی جنگ میں شرکت نے ملکی آزادی و خودمختیاری کو سوالیہ نشان بنادیا ہے۔

جب تک فرسودہ نظام اور کرپٹ قیادت سے نجات حاصل نہیں کی جاتی اس وقت قوم پر مہنگائی بدامنی کے بم گرتے جائیں گے ۔جماعت اسلامی ملک میں حقیقی تبدیلی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دے تو جماعت اسلامی کی اہل و دیانتدار قیادت ملک و قوم کی تقدیر بدل دے گی ۔