Live Updates

صوبے کا گورنر ہندکووان ہونا چاہئیے، ضیاء الحق سرحدی

جمعہ 17 اگست 2018 00:09

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) چیئرمین ہندکووان ہیومن رائٹس واچ ضیاء الحق سرحدی نے اپنے ایک بیان میںتحریک انصاف کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا کا انتخاب ہندکووان کمیونٹی سے ہونا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پاکستان کے دیگرصوبوں میں بسنے والے دوبڑے معاشرتی گروہوں کو نمائندگی دی جاتی ہے یہ اصول برقرار رکھا گیا ہے کہ صوبے کے ایک معاشرتی گروہ سے وزیراعلیٰ، دوسرے بڑے معاشرتی گروہ سے گورنر کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

مثلاًپنجاب میں پنجابی وزیراعلیٰ اور سرائیکی گورنرہوتا ہے، سندھ میں سندھی وزیراعلیٰ اور دوسرے سماجی گروہ یعنی اردو بولنے والے کو گورنر بنایا جاتا ہے ،بلوچستان میں بلوچی وزیراعلیٰ اور گورنر پختون ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح خیبر پختونخوا کی تاریخ میں بھی افتخار حسین شاہ،کمانڈر خلیل الرحمن، سردار مہتاب احمدعباسی ،مسعود کوثر اوراقبال ظفر جھگڑا ہندکووان گورنرزرہ چکے ہیںلہذا اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے تحریک انصاف کی حکومت سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ خیبر پختونخوا کے نئے گورنر کا انتخاب بھی ہندکووان کمیونٹی سے کیاجائے تا کہ ملک کے مقتدر حلقوں کی طرف سے قائم اس روایت کو فروغ دیا جائے اور سماجی انصاف کے تقاضے پورے ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے صوبے میں بسنے والی ہندکووان برادری کو ملکی تشخص میں انصاف کے تقاضے پورے ہوتے نظر آئینگے اور اس مضبوط سیاسی روایت کو تقویت ملے گی اور اس کے ساتھ ساتھ ہندکووان برادری میں احساس ذمہ داری اور احساس بنیادی حقوق کے تصور کو فروغ حاصل ہو گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات