عید الاضحی کے دوران امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے مردان پولیس کا فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل

جمعہ 17 اگست 2018 00:09

مردان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) عید الاضحی کے دوران امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے مردان پولیس نے فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ۔پولیس افسران و اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں،تجارتی مراکز اور بازاروں میں غیر معمولی رش کو کنٹرول کرنے کیلئے سپیشل روٹس مقرر کر دیئے گئے جبکہ ٹریفک پولیس اہلکاروںکی اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے جو دن رات ڈیوٹیاں سر انجام دینگے ۔

تمام سرکل ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو اضافی گشت کے علاوہ اہم وحساس مقامات ،شاہراہوں اورمساجد کیلئے اضافی نفری تعینات کرنے کی خصوصی ہدایات دی گئی۔اہم مقامات بازاروں مارکیٹوں میں سفید پارچات میں پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی جبکہ پولیس موبائل پیٹرولنگ میںبھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں سخت کر دی گئی ہیں۔

ڈی پی او مردان کیپٹن (ر) واحد محمود نے عوام الناس اور تاجر برادری سے اپیل کی کہ اپنے اردگرد مشکوک افراد، اشیاء ،گاڑی اور بیگ وغیرہ پر نظر رکھیں اورکسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوراً پولیس کو اطلاع دیں تاکہ کوئی ناخوش گوار واقعہ رونما نہ ہوسکے۔انہوں نے عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ عید الضحی کے موقع پرہوائی فائرنگ سے اجتناب کیا جائے بصورت دیگر ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے گی جبکہ عید الضحی کی نماز کیلئے ضلع بھر کی بڑی مساجد اور عید گاہوں پر بھی پولیس اہلکار سکیورٹی ڈیوٹیاں سر انجام دینگے۔