عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کا بھی جعلی نوٹیفکیشن سامنے آگیا

جمعہ 17 اگست 2018 00:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2018ء) وفاقی حکومت کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر سرکاری تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ہے تاہم اس کے باوجود سوشل میڈیا پر تعطیلات کے حوالے سے جعلی نوٹی فکیشن گردش کر رہا ہے جس سے سرکاری ملاز مین میں ابہام پیدا گیا ہے ۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں 21 سے 23 اگست (منگل سے جمعرات) تک کی تین روز کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا۔

نوٹی فکیشن پر وزارت داخلہ کے ڈپٹی سیکریٹری (لا ٹو) مرزا خالد محمود کے دستخط موجود تھے۔

(جاری ہے)

تاہم سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے جعلی نوٹی فکیشن کے مطابق وفاقی حکومت نے عیدالاضحی کے موقع پر تعطیلا ت میں اضافہ کردیا ہے جسکے مطابق 21 سے 24 اگست تک کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔تاہم وزارت داخلہ کی جانب سے نئے ترمیم شدہ نوٹیفیکیشن کے اجراء کی تردید کی گئی ہے ۔واضح رہے کہ رواں سال عیدالفطر کی تعطیلات سے متعلق بھی اس طرح کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ وزارت داخلہ کے نوٹی فکیشن میں عیدالفطر کی 15 جون سے 18 جون تک 4 روزہ تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا۔تاہم سوشل میڈیا پر عید کی چھٹیوں کے حوالے سے ایک جعلی نوٹی فکیشن سامنے آیا، جس میں عید کی تعطیلات کو 19 جون تک بتایا گیا تھا۔