چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی ایچ ای سی کو دوسرا لاء انٹری ٹیسٹ اکتوبر میں لینے کی ہدایت

جمعہ 17 اگست 2018 00:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو دوسرا لاء انٹری ٹیسٹ اکتوبر میں لینے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ میں خود دورے کرکے مختلف لا ء کالجز کا معائنہ کروں گا۔ جمعرات کوچیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرعدالت کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں ایل ایل بی میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ 19اگست کو لیا جارہا ہے تاہم کچھ طلباء ایسے ہیں جنہیں نتائج کا انتظار ہے ،کل بارہ ہزار طالب علم ہیں ، اس لئے استدعا ہے کہ دوسرے انٹری ٹیسٹ کی تاریخ میں توسیع کی جائے۔

جس پرعدالت نے ہائیر ایجوکیشن کو ہدایت دی کہ دوسرا انٹری ٹیسٹ اکتوبر میں لیا جائے، جس میں پہلے انٹری ٹیسٹ میں شمولیت اختیار نہ کرنے والے طالب علم دوسرے انٹری ٹیسٹ میں شامل ہوسکتے ہیں۔کیس کی سماعت 20اگست کو سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں ہوگی۔