ڈی جی رینجرز سندھ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، عید الاضحی کے موقع پر سیکورٹی انتظامات کا جائزہ

جمعہ 17 اگست 2018 00:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز سندھ میں جمعرات کو ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں رینجرز اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال بالخصوص عید الاضحی کے موقع پر سیکورٹی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے مویشی منڈیوں، کمرشل ایریاز اور تفریحی مقامات کی سیکورٹی کے لئے خصوصی طور پر اقدامات کئے جائیں گے۔ اس موقع پر مربوط حکمت عملی بھی مرتب کی گئی جس کے تحت کسی بھی قسم کی ممکنہ دہشت گردی یا اسٹریٹ کرائم کے واقعات سے موثر انداز مین نمٹنے ، جبری طور پر کھالیں جمع کرنے والے عناصر اور ہوائی فائرنگ یا اسلحے کی نمائش کرنے والے افراد یا گروہ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔