وزیراعظم آزادکشمیر کی سیاحت کے فروغ کیلئے محکمہ سیاحت اور دیگر متعلقہ اداروںکو فوری اور ہنگامی اقدامات عمل میں لانے کی سختی سے ہدایت

جمعہ 17 اگست 2018 00:40

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے آزادکشمیر میں سیاحت کے فروغ کیلئے محکمہ سیاحت اور دیگر متعلقہ ادارہ جات کو فوری اور ہنگامی اقدامات عمل میں لانے کی سختی سے ہدایت کی ہے تاکہ آئے دن سیاحوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیئے جانے کے علاوہ انہیں انسانی بساط کی تمام ممکنہ سہولیات فراہم کیئے جانے کیلئے لائحہ عمل طے کیا جائے۔

مزید برآں سیاحوں کو پیش آنیوالے حادثات کی ممکنہ روک تھام کیلئے حکومتی مشینری کو متحرک کرتے ہوئے موجودہ وسائل کو بہتر سے بہتر طور پر بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے حالیہ دنوں میں رونما ہونیوالے حادثات پر انتہائی تشویش اور برہمی کا اظہار فرمایا۔ مستقبل میں ایسے حادثات سے مکمل طور پر بچنے کیلئے وزیراعظم نے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کو بھی سختی سے ہدایت فرمائی ہے کہ وہ آزادکشمیر میں رواں سال گاڑیوں بالخصوص سیاحتی مقامات پر چلنے والی گاڑیوں کی چیکنگ اور فٹنس پر بھرپور توجہ مرکوز کریں ، سیاحوں کے زیر استعمال گاڑیوں کی فٹنس کا بھی خیال رکھا جائے تاکہ سیاحوں کے سفر کو محفوظ اور خوشگوار بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ کو سڑکوں کی بہتری، بحالی اور کشادگی کو بہر صورت یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جانے کے احکامات صادر کیئے جبکہ ان تمام مرکزی شاہرات کو ترجیحی بنیادوں پر مرمت کا بندوست کیا جائے جہاں سیاحوں کی آمد و رفت ہو۔واضح رہے کہ سال 2018 میں وادی نیلم میں پیش آنیوالے حادثات میں سے سب سے زیادہ المناک حادثہ کنڈل شاہی کے مقام پرنالہ پر پل ٹوٹنے سے رونما ہوا جس میں انتہائی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔

متعلقہ عنوان :