صوبے میں جبری مشقت کے خاتمے کے لئے پنجاب پولیس ہر سطح پر اپنی کوششیں جاری رکھے گی،آئی جی پنجاب

جمعہ 17 اگست 2018 01:50

لاہور۔16 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) نگران صوبائی وزیر برائے لیبر ، ہیومن ریسورس ،لائیو سٹاک اینڈ ٹرانسپورٹ میاںنعمان کبیر نے سینٹرل پولیس آفس میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام سے ملاقات کی۔ دوران ملاقات باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے پر پنجاب پولیس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس نے جشن آزادی کے موقع پر بھی صوبے میں سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے اور شہریوں نے فیملیز کے ہمراہ بھرپور انداز میں آزادی کا جشن منایا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے سے جبری مشقت کے خاتمے کیلئے پنجاب پولیس کے تعاون اور بروقت کاروائیوں سے خاطرخواہ مدد اور کامیابیاں ملی ہیں اور پنجاب پولیس اس سلسلے میں مستقبل میں بھی کاروائیاں جاری رکھے گی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرآئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا کہ پنجاب پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا کر اقدامات میں مصروف عمل ہے جبکہ سماجی برائیوں کے خاتمے اور عوامی سہولت کیلئے ہونے والے اقدامات میں دیگر اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کی موثر کوارڈینیشن کی بدولت ٹریفک حادثات میں نمایاںکمی آ رہی ہے جبکہ ٹریفک قوانین کے متعلق آگاہی پروگرام کی بدولت عوام میں ٹریفک شعور اور مینجمنٹ کے حوالے سے صورت حال دن بدن بہتر ہو رہی ہے ۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ صوبے میں جبری مشقت کے خاتمے کے لئے پنجاب پولیس ہر سطح پر اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور قانون شکنی کے مرتکب افراد کے خلاف ہر صورت بلا تفریق قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ ملاقات کے آخر میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے نگران صوبائی وزیر کو پنجاب پولیس کا اعزازی سووینئر بھی پیش کیا ۔