پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ‘ دونوں ڈی جی ایم اوز نے ایک دوسرے کو یوم آزادی کی مبارکباد دی‘ آئی ایس پی آر

جمعہ 17 اگست 2018 03:00

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا‘ دونوں ڈی جی ایم اوز نے ایک دوسرے کو یوم آزادی کی مبارکباد دی۔ ڈی جی ایم اوز نے 29 مئی 2018 کے بعد سیز فائر کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈی جی ایم او پاکستان نے ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر بھارتی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 29 مئی کے بعد بھارتی اشتعال انگیزی سے 4 افراد شہید اور 32 زخمی ہوئے ہیں‘ بھارتی فوج نے 15 اور 16 اگست کو لیپا سیکٹر میں شہریوں کو ٹارگٹ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی اشتعال انگیزی ایل او سی پر امن کیلئے خطرہ ہے ۔ ڈی جی ایم او پاکستان نے ایل او سی پر بھارتی فورسز اور ہتھیاروں کی نقل و حرکت پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایل او سی پر کسی اشتعال انگیزی سے گریز کرے۔

(جاری ہے)

بھارتی ڈی جی ایم او نے حالات خراب کرنے والے اقدام سے گریز کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ پاکستانی ڈی جی ایم او نے ایل او سی پر دراندازی کا بھارتی الزام مسترد کر دیا اور بھارتی ڈی جی ایم او کو بتایا کہ پاکستان کی جانب سے ایل او سی پر موثر اقدامات کئے گئے ہیں‘ایسی کوئی نقل و حرکت پاکستانی فورسز نے نہیں دیکھی اگر ایسی کوئی قابل عمل خفیہ اطلاع ہے تو تحقیقات کیلئے شیئر کی جائے۔

پاکستانی ڈی جی ایم او نے امن کی خواہش کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے جارحیت کے اقدامات جاری رہے تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔