یمنی فوج کا صعدہ کے قریبی ضلع باقم پر مکمل کنٹرول

جمعہ 17 اگست 2018 11:00

صنعاء ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) یمنی فوج نے شمالی صوبہ صعدہ کے مغرب میں واقع ضلع باقم پر حوثی باغیوں کے خلاف شدید لڑائی کے بعد مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ یمنی فوج کی 102 ویں خصوصی بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل یاسر الحارثی نے جمعرات کو ضلع باقم پر قومی فوج کے مکمل کنٹرول کی تصدیق کی ہے۔ یہ ضلع باغی حوثی ملیشیا کے لیڈر عبدالملک الحوثی کے آبائی علاقے ضحیان سے 20 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔

(جاری ہے)

یاسر الحارثی نے بتایا ہے کہ یمنی فوج نے بدھ کی رات باقم شہر اور اس کے نواح میں واقع پہاڑی علاقے میں حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں پر ایک بھرپور حملہ کیا تھا اور پھر پیش قدمی کرتے ہوئے شہر پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لڑائی میں حوثی ملیشیا کا بھاری جانی نقصان ہوا ہے اور فوج اس وقت شہر کی شاہراہوں اور نواحی پہاڑی علاقوں پر اپنی گرفت مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہے۔تاہم انھوں نے حوثیوں کی ہلاکتوں کی تفصیل نہیں بتائی ہے۔قبل ازیں جمعرات ہی کو یمنی فوج نے عرب اتحاد کی مدد سے صوبہ حجہ میں واقع نظامتِ حیران پر اپنی گرفت مضبوط بنا لی ہے۔فوج نے حجہ سے الحدیدہ کی جانب جانے والی بین الاقوامی شاہراہ پر بھی کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

متعلقہ عنوان :