امریکی فنڈز کے انجماد کے باوجود انروا کے تحت فلسطینی سکول بروقت دوبارہ کھلیں گے

جمعہ 17 اگست 2018 11:00

غزہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی برائے فلسطینی مہاجرین اٴْنروا کے زیرانتظام سیکڑوں سکول فنڈز کی عارضی طور پر دستیابی کے بعد بروقت کھلیں گے۔امریکا کی جانب سے فنڈز منجمد کیے جانے کے بعد انروا مالی بحران سے دوچار ہوگئی تھی۔

(جاری ہے)

انروا نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں، اردن، شام اور لبنان میں تمام 711 سکول نئے تعلیمی سال کے آغاز پر بروقت کھل جائیں گے، ان سکولوں میں پانچ لاکھ 26 ہزار سے زیادہ فلسطینی بچے مختلف درجوں میں زیر تعلیم ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطینیوں کے لیے کام کرنے والے اداروں کی امداد روک لی تھی جس کے بعد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترش اور دوسرے عہدے داروں نے خبردار کیا تھا کہ فنڈز کی کمی کے پیش نظر اٴْنروا کے زیر انتظام اسکول شاید دوبارہ نہ کھل سکیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطینیوں پر دباؤ ڈالنے کی غرض سے انروا کے 30 کروڑ ڈالرز کے امداد ی فنڈز منجمد کرلیے تھے۔