Live Updates

عمران خان کی تقریب حلف برداری ،سدھو آج پاکستان پہنچ رہے ہیں

عمران خان کے لیے شال اور پنجابی چپل کا تحفہ لیکر آرہا ہوں:سابق بھارتی اوپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 17 اگست 2018 12:17

عمران خان کی تقریب حلف برداری ،سدھو آج پاکستان پہنچ رہے ہیں
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17اگست 2018 ء) سابق بھارتی کرکٹر اور رکن پارلیمنٹ نوجوت سنگھ سدھو تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی دعوت پر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں۔میڈیا سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے نوجوت سنگھ سدھو نے بتایا کہ وہ عمران خان کے لیے شال اور پنجابی چپل کا تحفہ لیکر آرہے ہیں، عمران خان نے انہیں جو عزت اور حلف برداری تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے وہ اس پر ان کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی اورخوشحالی کے منازل طے کرے گا اور پاک بھارت تعلقات میں بہتری آئے گی۔نوجوت سدھو آج دوپہر واہگہ کے راستے پاکستان پہنچیں گے، 18 اگست کو اسلام آباد میں وزیراعظم کی حلف برداری تقریب میں شریک ہوں گے جب کہ ان کی عمران خان سے ون ٹو ون ملاقات کا بھی امکان ہے، اور پھر 19 اگست کو واپس لاہور پہنچیں گے اور اسی دوپہر واپس بھارت لوٹ جائیں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی طرف سے نوجوت سنگھ سدھو کو دوہفتے کا ویزا جاری کیا گیا ہے، عمران خان نے سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر اور کپل دیو کوبھی مدعوکیا تھا تاہم اپنی مصروفیات کے باعث ان دونوں نے پاکستان آنے سے معذرت کرلی تھی۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی ) 158 نشستیں جیت کر ایوان زیریں کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن)82 نشستوں کے ساتھ دوسری جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی ) 53 سیٹوں کے ساتھ تیسری بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، متحدہ مجلس عمل(ایم ایم اے ) کی قومی اسمبلی میں 15،پاکستان مسلم لیگ (ق)5، ایم کیو ایم پاکستان7 ،بلوچستا ن نیشنل پارٹی(بی این پی )4، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس(جی ڈی اے) 2 جب کہ عوامی مسلم لیگ، پاکستان تحریک انسانیت اور عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) کا ایک، ایک امیدوار کامیاب ہوا ہے، دوسری جانب 12 آزاد امیدوار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔

 
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات